کراچی:
حکومت سندھ نے سردیوں میں اسکول کے بچوں کیلیے یونیفارم کوڈ میں نرمی کردی، بچے کسی بھی رنگ کا سویٹر، جوتے اور موزے پہن کر اسکول جاسکیں گے۔
صوبائی وزیر تعلیم نے کراچی سمیت سندھ بھر میں سردی کی لہر کے پیش نظر اسکولوں میں طلبہ کے لیے یونیفارم کوڈ میں نرمی کی ہدایت جاری کردی ہے اور اس سلسلے میں ڈائریکٹوریٹ آف پرائیوٹ انسٹیٹیوشن کی جانب سے نجی اسکول کو باقاعدہ مراسلہ جاری کردیا گیا ہے۔
مراسلے میں نجی اسکولوں سے کہا گیا ہے کہ سردیوں کے دوران نجی اسکول طلبہ کے یونیفارم کے سلسلے میں نرمی برتیں، اسکول کے بچوں کی صحت کی خاطر سردی سے بچاؤ کے اقدامات میں ان کے ساتھ تعاون کریں اور سردی کے دنوں میں طلبہ جو گرم کپڑے پہننا چاہیں انہیں اس کی اجازت دی جائے۔
مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ بچے سوئیٹرز ، بلیزرز ،جیکٹس ، کوٹس، ٹوپی ، موزے اور جوتے اپنی ضرورت اور سہولت کے مطابق استعمال کرسکتے ییں، بچوں کو سردی سے بچانے کے لیے یہ پالیسی یا نرمی سردی کے پورے موسم میں قابل اطلاق ہے۔
مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ اسکول کی کلاسوں میں بھی سردی سے بچاؤ کے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں ۔