پشاور:
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی ملک میں حقیقی جمہوریت کی بحالی کے لئے با مقصد مذاکرات کرنا چاہتی ہے۔
اپنے ایک بیان میں بیرسٹر سیف نے کہا کہ موجودہ جعلی حکومت نے جمہوریت کی بنیادیں کھوکھلی کر دی ہیں جبکہ پی ٹی آئی حقیقی جمہوریت کی بحالی کیلیے جدوجہد کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لئے پارلیمنٹ کے اندر اور باہر تمام اپوزیشن جماعتوں کا اکٹھا ہونا ضروری ہے، جمہوریت پر ڈاکا ڈالنے والے حکومتی گروہ کے خلاف تمام اپوزیشن کو ایک پلیٹ فارم پر متحد ہونا پڑے گا، فارم 47 کے ذریعے ملک پر مسلط جعلی ٹولہ جمہوریت کا گلا گھونٹ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی گروہ اور ان کے حواریوں نے اقتدار کی خاطر جمہوریت کو داؤ پر لگا دیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی اپنی اپنی کرسیاں بچانے جبکہ تحریک انصاف جمہوریت بچانے کے لئے جدوجہد کر رہی ہے۔
بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ فارم 47 کے جعلی گروہ نے ملک کی جمہوریت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اس وقت کرسی پر قابض گروہ کے خلاف عوام جدوجہد میں مصروف ہیں اور اس جدوجہد میں فتح بالآخر عوام کی ہی ہوگی۔