صدر اور وزیراعظم کی متحدہ عرب امارات کے قومی دن کی تقریب میں شرکت

مشکل وقت میں متحدہ عرب امارات کی حمایت کے لیے تہہ دل سے شکر گزار ہیں، صدر و وزیراعظم کا تقریب سے خطاب


ویب ڈیسک December 17, 2024

اسلام آ باد:

صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تاریخی رشتہ ہے، دونوں ممالک کے درمیان دوستی مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ 

متحدہ عرب امارات کے قومی دن کے حوالے سے  منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدرمملکت نے کہا کہ قومی دن کے موقع پر متحدہ عرب امارات کی قیادت اور عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، اتحاد کے بعد سے متحدہ عرب امارات نے قابل ذکر ترقی کی اور عرب امارات تجارت، سرمایہ کاری اور سیاحت کے شعبوں میں عالمی مرکز کے طور پر ابھرا۔ 

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تاریخی رشتہ ہے، شیخ زائد بن سلطان النہیان نے دونوں ممالک کے مابین پائیدار تعلقات کی بنیاد رکھی، پاک متحدہ عرب امارات تعلقات مذہب ، اعتماد اور باہمی احترام پر مبنی ہیں،پاکستان نے متحدہ عرب امارات کے قیام سے چھ ماہ قبل ہی سفیر بھیج کر سفارتی نمائندگی قائم  کی۔

صدرمملکت نے کہا کہ مشکل وقت میں متحدہ عرب امارات کی حمایت کے لیے تہہ دل سے شکر گزار ہیں، دونوں ممالک کے مابین قابل اعتماد اسٹریٹجک شراکت داری ہے،  اورمتحدہ عرب امارات پاکستان کے اہم اقتصادی شراکت داروں میں سے ایک ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین تجارت مسلسل بڑھ رہی ہے، متحدہ عرب امارات میں مقیم 18 لاکھ پاکستانیوں سے  دوطرفہ تعلقات کو مزید تقویت ملی۔ 

صدرمملکت نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ امارات کے ساتھ آئی ٹی ، توانائی، زراعت ، سیاحت سمیت اہم شعبوں میں تعاون بڑھانے کے خواہاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی اقتصادی بحالی میں تیزی آ رہی ہے اورسرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول ہے۔ 

صدرمملکت نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے کاروباری اداروں کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتا ہوں،یقین ہے کہ مختلف شعبوں میں متعدد معاہدوں سے دوطرفہ تعاون مزید گہرا ہوگا۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوستی مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ 

دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کے قومی دن کی مناسبت سے منعقدہ تقریب  سے اپنے خطاب میں کہا کہ میں متحدہ عرب امارات کے 53 ویں قومی دن پر حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کی جانب سے یو اے ای کی حکومت اور وہاں بسنے والے لوگوں کو تہہ دل سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

وزیراعظم نے کہا کہ آج ہم ترقی و خوشحالی کی جانب یو اے ای کے شاندار سفر کی خوشی منا رہے ہیں، پچھلے کچھ عشروں میں یو اے ای نے جو ناقابل تصور کامیابیاں حاصل کی ہیں ان پر پاکستان کے عوام کو فخر ہے۔

انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے مرحوم صدر شیخ زائد بن سلطان پاکستان اور پاکستان کے لوگوں سے گہری محبت رکھتے تھے، پاکستان میں تعلیم و صحت، انفرااسٹرکچر، ایئرپورٹ اور دیگر شعبوں میں ان کا تعاون ناقابل فراموش ہے، جس پر ہم انہیں سلام پیش کرتے ہیں۔

 وزیراعظم نے کہا کہ  آج ان کے عظیم کام کو ان کے متحرک اور پرجوش فرزند اور صدر عرب امارات شیخ محمد بن زائد بن سلطان النہیان آگے بڑھا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یو اے اے کی حمایت کے بغیر آئی ایم ایف سے معاہدہ نہیں ہوسکتا تھا، مجھے خوشی ہے کہ یواے ای کی جانب سے پاکستانیوں کے لیے ویزا کی سہولت دوبارہ کھولی جارہی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ آج اس  قومی دن کے موقع پر میں متحدہ عرب امارات کی علاقائی خودمختاری اور سلامی کے لیے پاکستان اور اس کے لوگوں کی جانب سے غیرمتزلزل حمایت کا اعادہ کرتا ہوں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

سول نافرمانی ؟

Dec 17, 2024 01:47 AM |

بھارت کی شامت

Dec 17, 2024 01:27 AM |