کراچی؛ پولیو ویکسین پلانے سے انکاری شخص نے ورکر کو گھر میں بٹھالیا، ملزم گرفتار، مقدمہ درج

اسسٹنٹ کمشنر پولیس کی نفری لے کر ناطم آباد نمبر 3 پہنچے اور ورکر کو رہائی دلائی، پولیو سے انکار نہیں کیا تھا، ملزم


اسٹاف رپورٹر December 17, 2024
فوٹو: اسکرین گریب

کراچی:

ناظم آباد میں پولیو ٹیم اور فلیٹ مکین میں قطرے پلانے پر جھگڑا ہوگیا ، پولیس نے اسسٹنٹ کمشنر کے ہمراہ فلیٹ پر چھاپہ مار کر فلیٹ کے مالک کو گرفتار کر کے سرکار کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا،  جھگڑے کی فوٹیج بھی وائرل ہوگئی۔

 ناظم آباد نمبر تین میں پولیو ٹیم اور فلیٹ کے مکینوں میں قطرے پلانے پر جھگڑا ہوگیا ، پولیس نے اسسٹنٹ کمشنر کے ہمراہ فلیٹ پر چھاپہ مار کر فلیٹ کے مالک کو گرفتار کر کے سرکاری مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا۔ 

 پولیس کے مطابق پولیو ورکرز کا پولیو کے قطرے پلانے پر گھر کے مالک محمد اسد اور شان سے جھگڑا ہوا ، فلیٹ کے مکینوں کی جانب سے کئی مرتبہ پولیو قطرے پلانے سے انکار کیا گیا جس کی اطلاع اسسٹنٹ کمشنر کو دی گئی، اسسٹنٹ کمشنر پولیس کی نفری لے کر ناطم آباد نمبر 3 فلیٹ نمبر پی 3 ، اشرف الاشبیر آرکیڈ پہنچ گئے، پولیس اور ضلعی ٹیم نے گھر میں گھس کر مالک مکان اور دوسرے شخص کو باہر نکالا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ پولیو ورکر خاتون فلیٹ کے اندر گئی تو اس کو زبردستی کمرے میں بٹھا لیا گیا ، پولیو ورکر کو حبس بے جا میں رکھا ہوا تھا ، پولیس نے زبردستی دروازہ کھلوا کر پولیو ورکر کو بازیاب کروایا ، زیر حراست شخص کے خلاف 353 ، 186 ، 34 کے تحت مقدمہ درج کر کے باقاعدہ گرفتار کرلیا گیا۔ 

 گرفتار ملزم کا کہنا تھا کہ پولیو ٹیم کو قطرے پلانے سے منع نہیں کیا تھا ، گھر والوں نے کہا تھا کہ ایک بچہ بیمار ہے اس کو خود قطرے پلوا دیں گے، مالک مکان کا کہنا تھا کہ اسسٹنٹ کمشنر گھر کا دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوا جس کے خلاف وہ قانونی کارروائی کریں گے ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں