اسلام آباد:
بیرون ملک تقرری کے عمل میں تاخیرسے وزارت خارجہ کے افسروں میں بے چینی بڑھنے لگی۔
ذرائع نے ایکسپریس ٹریبیون کو بتایا کہ بیرونی مشنز میں گریڈ 17 سے 19 کی تقرریوں کا عمل ماضی میںہر سال اکتوبر میں خالی اسامیوں کی تشہیر سے شروع ہوتا ہے، نومبر میں امیدواروں کے انٹرویو ہوتے ہیں، دسمبر میں پوسٹنگ کر دی جاتی ہے۔
وزارت خارجہ کے متعلقہ حکام نے تاحال نئی تقرریوں کی منظوری نہیں دی جس پر ہیڈکوارٹرز میں کام کرنیوالے ان افسروں میں سخت بے چینی پائی جاتی ہے جو کہ بیرون ملک پوسٹنگ کے منتظر تھے۔
ذرائع نے بتایا کہ اس وقت 50 سے 60 افسران بیرون ملک تقرری کے منتظر ہیں، نام ظاہر نہ کرنے پر ایک افسر نے بتایا کہ عموماً بیرون ملک تقرریاں اب تک ہو چکی ہوتی ہیں،موجودہ تاخیر غیر متوقع ہے۔
ایک افسر نے بتایا کہ اس تاخیر کی وجوہات میں سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ کا ستمبر میں عہدہ کا چارج لینا اور اکتوبر میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کی میزبانی کے باعث دفتر خارجہ کی مصروفیت ہیں۔
ایک اور افسرنے تاخیر کی وجہ گریڈ 19 کے کچھ افسروں کو قرار دیا جوکہ بیرونی تقرری کی فیصلے سے قبل اگلے گریڈ میں ترقی چاہتے ہیں تاکہ وہ بہتر پوسٹنگ حاصل کر سکیں کیونکہ گریڈ 20 کا افسر قونصلر جنرل اور ہیڈ آف مشن کیلئے تقرری کا اہل ہو تا ہے۔
تاہم اس تاخیر کی ایک اور وجہ مختلف دارالحکومتوں میں سفراء کی تقرری کے عمل میں تاخیر بھی ہے، رابطے پر ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بیرونی تقرریوں کا عمل شروع ہو چکا ہے جسے جلد مکمل کر لیا جائیگا۔