فیفا ایوارڈز 2024، بہترین فٹ بالر کا ایوارڈ برازیل کے وینیسیوس جونیئر کے نام

برازیل کی ویمنز فٹ بال ٹیم کی کھلاڑی مارٹا کے نام سے ایوارڈ متعارف کرایا گیا جو حیرت انگیز طور پر مارٹا نے ہی جیتا

DOHA:

فیفا ایوارڈز برائے سال 2024 میں برازیل اور ریال میڈریڈ کی نمائندگی کرنے والے وینیسیوس جونیئر نے بہترین فٹ بالر کا ایوارڈ اپنے نام کر لیا۔

ویمنز فٹ بال میں اسپین کی آنٹانا بونماتی نے سال 2024 کی بہترین فٹ بالر کا خطاب جیت لیا۔

واضح رہے کہ فیفا ایوارڈز میں بہترین فٹ بالر اور فٹ بال کے بہترین لمحات کی نامزدگی کے لیے براہ راست ٹیموں کے کپتانوں، صحافیوں، فینز اور کوچز کے دیے گئے ووٹنگ کا سہارا لیا جاتا ہے۔

قطر کے دارالحکومت دوحا میں ہونے والی اس تقریب میں فٹ بال کی دیگر کیٹیگریز میں بہترین گول کا پسکاس ایوارڈ الہینڈرو گرناچو کے نام رہا، انہیں یہ ایوارڈ انگلش پریمیئر لیگ میں نومبر 2023 میں ایورٹن کے خلاف بہترین گول پر دیا گیا، گرناچو کا تعلق ارجنٹائن سے ہے جبکہ وہ مانچسٹر یونائیٹڈ کی ٹیم کے بھی اہم کھلاڑی ہیں۔

فیفا نے اس مرتبہ برازیل کی ویمنز فٹ بال ٹیم کی کھلاڑی مارٹا کے نام سے بہترین گول کرنے کا ایوارڈ متعارف کرایا جو حیرت انگیز طور پر مارٹا نے ہی جیتا، مارٹا کو یہ ایوارڈ جمیکا کے خلاف بہترین گول کرنے پر دیا گیا۔

برازیل کے تھیاگو مائییا کو گراؤنڈ میں صاف ستھرے کھیل پر فیئر پلے ایوارڈ دیا گیا، جبکہ گول پوسٹ کی بہترین حفاظت کرنے پر ارجنٹائن کے ایمیلیانو مارٹینیز کو بہترین گول کیپر کا ایوارڈ دیا گیا۔

فیفا ایوارڈز برائے سال 2024 میں امریکہ کی ایلیزا نائیہر کو خواتین فٹ بال میں بہترین ویمن گول کیپر کے خطاب سے نوازا گیا۔

Load Next Story