استری نہ پشپا 2؛ بھارت کی سب سے زیادہ بزنس کرنے والی فلم کون سی ہے؟

یہ فلم ملیالم سینما کی پہلی فلم ہے جس نے 200 کروڑ روپے سے زیادہ کمائی کی ہے


ویب ڈیسک December 18, 2024

الو ارجن کی فلم پشپا 2 نے ریلیز کے فوراً بعد کمائی کے سب ریکارڈ توڑ دیئے ہیں اور اب تک 1414 کروڑ روپے سے زیادہ کا بزنس کرچکی ہے۔ لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ اتنی کمائی کے باوجود بھی پشپا 2 بزنس میں ایک ساؤتھ انڈین فلم سے اب بھی پیچھے ہے؟

رواں برس ساؤتھ انڈین فلمی صنعت کے لیے ایک ناقابل یقین سال رہا ہے، جس نے باکس آفس پر کئی ہٹ فلمیں دی ہیں۔ ہماری مذکورہ فلم بھی ایک بڑے بلاک بسٹر کے طور پر سامنے آئی ہے جس نے رواں سال آنے والی تمام بڑے بجٹ کی فلموں کے مقابلے میں زیادہ کامیابی سمیٹی ہے۔

20 کروڑ روپے کے بجٹ سے تیار ہونے والی ملیالم فلم نے حیران کن طور پر اپنے بجٹ سے 12 گنا کمایا ہے، جس سے اس کی کل کمائی تقریباً 240 کروڑ روپے تک پہنچ گئی ہے۔ باکس آفس پر اس قابل ذکر کارکردگی نے الو ارجن جیسے ستاروں کے ساتھ بننے والی فلموں کے مجموعوں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے، اور اسے 2024 میں ساؤتھ کی سب سے بڑی بلاک بسٹر بنادیا ہے۔

جی ہاں! ہم بات کر رہے ہیں ملیالم فلم ’’منجمل بوائز‘‘ کی۔  چدم برم کی پروڈکشن اور ہدایت کاری میں بننے والی فلم کی دلکش کہانی، شاندار پرفارمنس، اور بہترین ڈائیلاگز نے اس فلم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ شائقین اور ناقدین نے یکساں طور پر فلم کی انفرادیت اور دلچسپ کہانی کی تعریف کی ہے، جس نے ٹکٹ ونڈو پر اس کی غیر معمولی دوڑ میں اپنا حصہ ڈالا ہے۔

فلم ’’منجمل بوائز‘‘ میں سوبن شاہیر، سری ناتھ بھاسی، بالو ورگیز، گنپتی ایس پوڈووال، لال جونیئر، دیپک پرمبول، ابھیرام رادھا کرشنن، ارون کورین، خالد رحمن اور شیبن بینسن نے کام کیا ہے۔ فلم کی کہانی 2006 میں گوناکیوز ریسکیو پر مبنی ہے۔


منجمل بوائز باکس آفس پر پشپا 2 سے کتنا آگے ہے؟

منجمل بوائز اس سال کی سب سے بڑی ساؤتھ بلاک بسٹر ہے۔ فلم کی کمائی کے اعداد و شمار بہت حیران کن ہیں۔ بجٹ کی بات کریں تو اسے صرف 20 کروڑ روپے میں بنایا گیا ہے لیکن اگر اس فلم کی دنیا بھر میں ہونے والی کمائی کو دیکھا جائے تو یہ اس کے بجٹ سے 12 گنا زیادہ ہے۔

تجارتی رپورٹس کے مطابق، اس فلم نے صرف ہندوستان میں 141.61 کروڑ روپے کمائے ہیں۔ اس کے علاوہ اگر فلم کے ورلڈ وائیڈ کلیکشن کی بات کی جائے تو اس نے دنیا بھر میں 240.5 کروڑ روپے کا زبردست بزنس کیا ہے۔

یہ ملیالم سنیما میں 200 کروڑ روپے سے زیادہ کمانے والی پہلی فلم بن گئی ہے اور باکس آفس پر کئی ریکارڈ قائم کیے ہیں، جو اب تک کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی ملیالم فلم بھی بن گئی۔ اب اگر ہم ان دونوں فلموں کے بجٹ اور کلیکشن کا موازنہ کریں تو منجمل بوائز پشپا 2 کو پیچھے چھوڑ رہی ہے۔

غور طلب ہے کہ پشپا 2 کا بجٹ 500 کروڑ روپے ہے اور اس نے دنیا بھر میں 1414 کروڑ روپے سے زیادہ کی کمائی کی ہے۔ پشپا 2 نے اپنے بجٹ سے صرف 2.6 گنا کمایا ہے، لیکن منجمل بوائز نے اپنے بجٹ سے 12 گنا زیادہ کمایا ہے۔ ایسے میں منجمل بوائز ساؤتھ کی بلاک بسٹر فلم رہی ہے۔
 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں