قومی سلامتی پر کمپرومائز نہیں کرسکتے، وزیر مملکت آئی ٹی کا انٹرنیٹ سست ہونے پر اسمبلی میں جواب

ساری کابینہ وزارت آئی ٹی کے پیچھے کھڑی ہے،ہمیں سائبر سیکیورٹی بہتر کرنی ہے، شزہ فاطمہ


ویب ڈیسک December 18, 2024

اسلام آ باد:

وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کام شیزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ملک بھر میں 11 لاکھ سے زائد مفت لیب ٹاپس دے چکی ہے اور اب ہم سستے موبائل فون دینے کی پالیسی لے کر آرہے ہیں۔

قومی اسمبلی اجلاس میں اتحادی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کی تنقید اور انٹرنیٹ کی سست رفتار سے متعلق سوالات کا جواب دیتے ہوئے وزیر مملکت برائے آئی ٹی شیزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ انٹرنیٹ کے استعمال اور سپیڈ میں اضافہ ہوا ہے، تکنیکی بنیادوں پر انٹرنیٹ کی رفتار میں 28 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مختلف تکنیکی وجوہات پر انٹرنیٹ کے صارفین مسلئے کا شکار بھی ہیں، ڈیجیٹائزیشن کے مثبت عوامل کو اپنانا ہے، اس سال عاشورہ پر بھی مکمل طور پر انٹرنیٹ بند نہیں کیا گیا، پوری کوشش ہے ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے۔

شیزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ ہمیں سائبر سیکورٹی بہتر کرنی ہے، ملکی سلامتی سے بڑھ کر کچھ نہیں ہے۔

وزیر آئی ٹی نے انٹرنیٹ رفتار کم ہونے پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی اے نے رپورٹ دی ہے کہ انٹرنیٹ کی رفتار 28 فیصد بہتر آئی ہے، صارفین کو انٹرنیٹ سستی کی مشکلات سے انکار نہیں، بعض علاقوں میں انٹرنیٹ کا استعمال زیادہ ہوتا ہے وہاں سست ہوجاتا ہے
ایس سی او پر اتنی سیکیورٹی تھی کہ حد نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس رات ہمیں کہا گیا کہ باہر کے مہمانوں نے انٹرنیٹ پر تیز کام کرنا ہے ہم نے فوری طورپر دوکالز پر کام مکمل کیا ، سابقہ حکومتیں محرم میں پورے ملک میں انٹرنیٹ بند کرتی تھیں، ہم نے محرم میں مخصوص شہروں میں مخصوص علاقوں میں انٹرنیٹ بند کیا۔

شزہ فاطمہ نے کہا کہ سیکیورٹی بہت بڑا مسئلہ ہے، سیکیورٹی اداروں پر پچھلے چند ماہ میں ڈیڑھ سو حملے ہوئے ہیں، ہمیں سائبر حملوں کو روکنا ہے، ہم قومی سلامتی پر کمپرومائز نہیں کرسکتے، ساری کابینہ وزارت آئی ٹی کے پیچھے کھڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم صارفین کوکم سے کم تکلیف پہنچانے کی کوشش کرتے ہیں، پورے پاکستان کا انٹرنیٹ اب ساڑھے 5 اسپیکٹرم تک دے دیا ہے، تکنیکی مجبوریاں ہیں مگر اس پر بھی تنقید کی جاتی ہے، اپریل میں فور جی اور فائیو اسپیکٹرم دینے جارہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ چند سالوں سے آئی ٹی میں سرمایہ کاری نہیں ہوئی، سرمایہ کاری نہ ہونے سے بھی انٹرنیٹ مسائل ہیں، مسلم لیگ (ن) کی حکومت11 لاکھ سے زائد لیب ٹاپس دے چکی ہے، ہم سستے موبائل فونز دینے کی پالیسی لے کر آرہے ہیں۔

ڈپٹی اسپیکر نے کہا کہ وقفہ سوالات ختم ہوگیا ہے، 10 منٹ اوپر ہوگئے، شزہ فاطمہ نے کہا کہ ہم بھی نیٹ استعمال کرتے ہیں اور ہماری بھی خواہش ہے کہ نیٹ کا نظام بہتر ہونا چاہیے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں