چیئرمین سعودی شوریٰ کونسل نے اسد قیصر کی خیبرپختونخوا کے دورے کی دعوت قبول کرلی

اسد قیصر نے عمران خان کی جانب سے سعودی عوام اور ولی عہد محمد بن سلمان سمیت قیادت کے لیے نیک خواہشات پہنچائیں

اسلام آباد:

پارلیمنٹ ہاؤس آئے سعودی شوریٰ کونسل کے چیئرمین نے اسد قیصر سے ملاقات کی اور دورہ خیبر پختونخوا کی دعوت قبول کرلی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سعودی عرب کی شوریٰ کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ بن محمد بن ابراہیم الشیخ کی سابق قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات ہوئی۔ یہ ملاقات اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور دیگر سابق اسپیکر صاحبان سے ملاقات کے دوران ہوئی۔

سابق اسپیکر اسد قیصر نے سعودی شوری کونسل کے چیئرمین اور ان کے وفد کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا اور کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اور پاکستانی عوام حرمین الشریفین اور سعودی عوام کیلئے دلوں میں احترام رکھتے ہیں، سعودی عرب کے ساتھ ہمارے برادرانہ تعلقات ہیں۔

اسد قیصر نے بانی چئیرمین عمران خان کی سعودی عرب کے عوام اور ولی عہد محمد بن سلمان سمیت قیادت کے لیے نیک خواہشات پہنچائیں۔

لانگ مارچ کے دوران بانی چئیرمین پر حملے کے بعد محمد بن سلمان کی پہلی ٹیلیفون کال پر اسد قیصر نے ان کا شکریہ ادا کیا، سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے چیئرمین سعودی شوریٰ کونسل کو خیبرپختونخواہ دورے کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کی۔

Load Next Story