سپریم کورٹ : عمر قید کے مجرم کی اپیل سزا مکمل ہونے کے بعد سماعت کیلئے مقرر

لاہور ہائیکورٹ سے سزا ملنے کے بعد مجرم نے 2017ء میں سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تھی، عدالت نے آج درخواست نمٹادی


ویب ڈیسک December 18, 2024

اسلام آباد:

عمر قید کی سزا کاٹنے والے مجرم کی سزا کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل سزا مکمل ہونے اور رہائی کے بعد سماعت کے لیے مقرر ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سپریم کورٹ میں عمر قید کے مقدمہ کی دلچسپ سماعت ہوئی جس میں ملزم عثمان کی جیل میں عمر قید کاٹنے کے بعد اپیل سماعت کیلئے مقرر ہونے کا انکشاف ہوا۔ جسٹس جمال خان مندوخیل کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سماعت کی۔

سرکاری پراسیکیوٹر نے کہا کہ اس کیس میں ملزم سزا کاٹ کر جیل سے بری ہو چکا ہے۔ جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ 2017ء میں ملزم نے سزا کے خلاف  جیل پٹیشن دائر کی۔

جسٹس اطہرمن اللہ نے کہا کہ اپیل سماعت کے لیے مقرر نہ ہونے پر 2017 سے تمام چیف جسٹس صاحبان ذمہ دار ہیں، سپریم کورٹ بھی انتظامی طور پر اپیل مقرر نہ ہونے کی ذمہ دار ہے، صدر گورنر اور پارلیمنٹ کے پاس عدلیہ سے رپورٹ منگوانے کے اختیارات ہیں۔

جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ فوج داری کیس پر تفتیش کیلئے انویسٹی گیشن آفیسر کے لیے محض  350 روپے مختص کیے جاتے ہیں۔

جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ تفتیش اور فوج داری نظام میں اصلاحات کی ضرورت ہے۔

جسٹس شہزاد ملک نے کہا کہ سپریم کورٹ میں ججز کی تعداد بڑھائی گئی، اے ٹی سی، اسپیشل کورٹ سمیت ماتحت عدلیہ  میں ججز تعداد بڑھانے کی ضرورت ہے، عام عدالتوں میں ججز اور اسٹاف کی کمی ہے، ججز کی تعداد بڑھانے کیساتھ انفراسٹرکچر بھی مہیا کیا جانا چاہیے۔

ڈپٹی ایڈووکیٹ جنرل کے پی کے کوثر علی نے کہا کہ اختیارات کسی اور کے پاس ہیں، خیبر پختونخوا ہاؤس پر اسلام آباد میں حملہ ہوا، سپریم کورٹ نے کیا کیا؟

جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ کیا آپ نے خیبرپختونخوا ہاوس کے معاملہ پر آئینی درخواست دائر کی؟ عدالت میں سیاست نہ کریں، یہ عام لوگوں کے مقدمات ہیں، فوجداری اور سروس کے مقدمات میں صوبہ بھی انصاف کرے۔

جسٹس شہزاد ملک نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ میں چار لاکھ مقدمات زیر التوا ہیں، عثمان کو 2007 شیخوپورہ میں یاسین نامی شخص کو قتل کرنے پر عمرقید کی سزا ہوئی۔

بعد ازاں عدالت نے ملزم کو عمر قید کی سزا کرکے جیل سے رہا ہونے کے سبب مقدمہ نمٹا دیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں