پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور سینیٹر طلال چوہدری نے کہا ہے کہ سلائی مشینوں کی کمائی سے جائیدادیں بنانے کا دعویٰ کرنے والوں کو کیا معلوم کہ ملک معاشی وژن سے چلتا ہے سلائی مشینوں کی کمائی سے نہیں۔
ن لیگ کے سینیٹر طلال چوہدری نے بانی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) عمران خان کی ہمشرہ علیمہ خان کے انٹرویو پر ردعمل میں کہا کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی اور تحریک انتشار کا وژن صرف جلاﺅ گھیراﺅ اور پرتشدد سیاست ہے۔ یہ وہ ٹولہ ہے جو اپنے سیاسی مفاد کے لئے ہر حربہ استعمال کرنا چاہتا ہے۔ علیمہ خان یہ بتائیں کہ ان کے بھائی نے اقتدار میں رہتے ہوئے عوام کو کیا دیا؟ بانی پی ٹی آئی نے صرف اپنے اور اپنے خاندان کے مفادات کا تحفظ کیا۔
طلال چوہدری نے مزید کہا کہ علیمہ خان کو یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ ان کے بھائی نے اقتدار میں رہتے ہوئے قومی پیسہ لوٹ کر اپنے اور اپنے خاندان کے لئے جائیدادیں بنائیں۔ توشہ خانہ اور 190 ملین پاﺅنڈ کی چوری کا حساب تو دینا ہوگا۔ عمران خان نے جو جرم کیا اس کی سزا بھگت رہے ہیں۔ توشہ خانہ چوری، القادر ٹرسٹ پراپرٹی ۔ممنوعہ فنڈنگ اور 9 مئی واقعات عوام نہیں بھولے۔ علیمہ خان کو اپنے بھائی اور تحریک انتشار کی ناکامیوں کا ملال ہےاسی وجہ سے ایسی بے بنیاد باتیں کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ علیمہ خان کو یہ نہیں بھولنا چاہئے کہ آپ اور آپ کی پارٹی 9 مئی اور 26 نومبر کے سانحات میں ملوث ہے۔ آپ لاشوں کا جھوٹا بیانیہ بنا کر اپنے کئے پر پردہ نہیں ڈال سکتیں۔ پولیس اور رینجرز کے جوانوں کا خون حساب مانگ رہا ہے۔ بانی پی ٹی آئی نے ملک کو معاشی تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا۔عوام کو مہنگائی اور بے روزگاری کے تحائف دیئے۔ علیمہ خان کو اپنے انٹرویو میں عوام سے معافی مانگنی چاہئے تھی۔