سیاسی استحکام کیلئے بات چیت کو تیار ہیں، مذاکرات سے ہی مسائل کاحل نکلے گا، پی ٹی آئی

بانی پی ٹی آئی چاہتے ہیں کہ ملک آگے چلے اور ترقی کرے، پاریمانی پارٹی اجلاس کا اعلامیہ


ویب ڈیسک December 18, 2024

اسلام آباد:

پاکستان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ ملک میں سیاسی استحکام اور ترقی کیلئے بات چیت کو تیار ہیں، مذاکرات سے ہی مسائل کا حل نکلے گا۔

تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ بانی تحریک انصاف نے مثبت سوچ کے ساتھ مذاکراتی کمیٹی تشکیل دی اور وہ چاہتے ہیں کہ ملک آگے چلے اور ترقی کرے۔

پارلیمانی پارٹی اجلاس میں تحریک انصاف پنجاب کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کے گھروں اور ڈیروں پر چھاپوں کی بھرپور مذمت کی گئی۔

اعلامیہ میں کہا گیا کہ تحریک انصاف کے ایم این ایز اور ایم پی ایز پر دباؤ ڈالنا بند کیا جائے، چھاپوں کا سلسلہ جاری رہنے پر ایوان میں بھرپور احتجاج کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

اعلامیہ میں کہا گیا کہ حکومت نے ملک کو جن مسائل سے دوچار کرنے کی کوشش کی انکا حل مذاکرات سے ہی نکلے گا، سیاسی استحکام کے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا۔

پارلیمانی پارٹی نے بانی تحریک انصاف سمیت تمام سیاسی اسیران کی فوری رہائی، 9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات پر فوری جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کا بھی مطالبہ کیا۔

پارلیمانی پارٹی نے 26 نومبر کے شہدا کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ 9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات کی شفاف تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن ناگزیر ہے، تحریک انصاف اور قیادت اپنے شہدا کے ساتھ کھڑی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں