کراچی:
بلدیہ ٹاؤن 24 مارکیٹ کے قریب موٹرسائیکل سوار تین نامعلوم مسلح ملزمان مسجد کے امام سے موبائل فون چھین کر فرار ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق مدینہ کالونی تھانے کے علاقے بلدیہ ٹاؤن سیکٹر فائیو جی 24 مارکیٹ غوث اعظم مسجد کے قریب موٹر سائیکل سوار تین نامعلوم مسلح ملزمان مسجد کے امام سے موبائل فون چھین کر فرار ہوگئے۔
واردات بدھ کی دوپہر 11 بج کر 45 منٹ پر ہوئی جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مسجد کے امام گھر کے باہر گلی میں بیٹھ کر موبائل فون استعمال کر رہے ہیں، اسی دوران موٹر سائیکل پر سوار 3 نامعلوم مسلح ملزمان پہنچ جاتے ہیں اور اسلحے کے زور پر موبائل فون چھین کر فرار ہوگئے۔
فوٹیج میں واردات میں ملوث ملزمان کے چہرے واضح طور پر دیکھے جا سکتے ہیں۔
ایکسپریس نیوز کے رابطہ کرنے پر ایس ایچ او مدینہ کالونی سید محمد عدنان نے بتایا کہ مسجد کے امام کا نام زکریہ ہے اور وہ واردات کی رپورٹ درج کرانے تھانے پہنچ گئے ہیں، پولیس نے واردات کا مقدمہ درج کرکے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔