کراچی:
پاکستان کسٹمز انفورسمنٹ کی جانب سے انسداد اسمگلنگ مہم کے تحت کھلے سمندر میں تین مختلف کارروائیوں کے دوران ایرانی ڈیزل اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔
کلکٹر انفورسمنٹ معین الدین وانی کو موصول ہونے والی ایک خفیہ اطلاع پر کسٹمز انفورسمنٹ میرین کے ایڈیشنل کلکٹر باسط حسین اور اسسٹنٹ کلکٹر شہزاد علی کی سربراہی میں ایک ٹیم نے بحیرہ عرب میں تین مختلف کارروائیاں کیںْ
کامیاب کارروائیوں کے نتیجے میں الصدف، الرحمٰن اور الشیران نامی تین مختلف لانچوں کے ذریعے اسمگل ہونے والا 39ہزار لیٹر ایرانی ڈیزل برآمد کرکے ضبط کرلیا۔
ایڈیشنل کلکٹر کسٹمز انفورسمنٹ میرین باسط حسین کے مطابق اسمگل شدہ ایرانی ڈیزل اور لانچوں کی مالیت 3کروڑ 90لاکھ روپے ہے جنہیں کسٹمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے ضبط کرلیا گیا ہے۔
ضبط شدہ ایرانی ڈیزل اے ایس او گودام میں منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ ضبط ہونے والی تینوں لانچوں کو این ایم بی وہارف منتقل کر دیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں مزید تحقیقات کی جاری ہیں تاکہ سمندری راستے لانچوں کے ذریعے ایرانی ڈیزل کے اسمگلروں کے منظم گروہ کا قلع قمع کیا جا سکے۔