کوئٹہ:
انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور بلوچستان (ساوٴتھ) میجرجنرل بلال سرفراز خان نے یونیورسٹی آف تربت کا دورہ کرکے یونیورسٹی کے اکیڈمک بلاک کے لیے سولرائزیشن اور ملٹی پرپز ہال کے لیے فرنیچر کی فراہمی کا اعلان کیا۔
اس موقع پر انہوں نے یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر گل حسن اور دیگر فیکلٹی ممبران سے ملاقات کی، ملاقات کے دوران یونیورسٹی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
فیکلٹی ممبران نے آئی جی ایف سی کو یونیورسٹی کے تدریسی عمل اور نظام پر بریفنگ دی، آئی جی ایف سی نے تعلیم کے فروغ میں یونیورسٹی آف تربت کے کردار کو خراج تحسین پیش کیا۔
آئی جی ایف سی نے یونیورسٹی کے مختلف ڈیپارٹمنٹس کا دورہ کیا، تعلیمی شعبوں میں جاری سرگرمیوں، فیکلٹی کے کام اور کارکردگی کو سراہا اور اکیڈمک بلاک کے لیے سولرائزیشن اور ملٹی پرپز ہال کے لیے فرنیچر کی فراہمی کا اعلان بھی کیا۔
آئی جی ایف سی نے ملاقات کے دوران یونیورسٹی کے فیکلٹی ممبران کے سوالات کے جوابات دئے اور بلوچستان میں محفوظ اور پرامن ماحول کے قیام کے لیے ایف سی بلوچستان (ساوٴتھ) کی وسیع کوششوں کو اجاگر کیا۔