جیتے ہوئے انعامات بیچ کر لاکھوں کمانے والا جعلساز گرفتار

جعلساز انعامات جیتنے کے امکانات کو بڑھانے کے لیے بیک وقت 400 موبائل فون چلاتا تھا


ویب ڈیسک December 19, 2024

چین میں ایک شخص کو لائیو اسٹریمز میں انعامات جیتنے کے امکانات بڑھانے کےلیے بیک وقت 400 موبائل فون چلانے پر گرفتار کرلیا گیا۔ یہ جعلسازی جیانگسو صوبے میں واقع ایک گھر کے گیراج سے پکڑی گئی۔

ما نام سے شناخت کیے گئے شخص کو ایک بوڑھے شہری کی شکایت پر گرفتار کیا جس نے حکام کو غیر معمولی سرگرمی کے متعلق آگاہ کیا تھا۔

ابتدائی شبہات سے ممکنہ جعلسازی کا اشارہ ملا لیکن معاملے کی تہہ میں جا کر معلوم ہوا کہ یہ لائیو اسٹریمز کے دوران بانٹے جانے والے ’لکی بیگز‘ جیتنے کی ایک پیچیدہ جعلسازی ہے۔

ما نے ہر فون کے ایک علیحدہ لائیو اسٹریمنگ اکاؤنٹ سے تعلق کا اعتراف کیا۔ ان لائیو اسٹریمنگز میں شریک ہو کر وہ ان لکی بیگز کو جیتنے کے امکانات میں اضافہ کرتا تھا۔ لائیو اسٹریمنگ ناظرین کی انگیجمنٹ بڑھانے کےلیے اسٹریمرز روز مرہ کی اشیاء سے لے کر قیمتی برقی آلات جیسے کہ آئی فونز وغیرہ تک انعام میں دیتے ہیں۔

ساؤتھ مارننگ چائنا پوسٹ کے مطابق ما نے تفتیش کے دوران بتایا کہ یہ عمل سادہ سا تھا۔ آپ کو ایک بٹن کلک کرنا ہوتا ہے، میسج بھیجنا ہوتا ہے اور قرعہ اندازی کا انتظار کرنا ہوتا ہے۔

انعامات جیتنے کے بعد وہ ان کو استعمال شدہ اشیاء کے ای کامرس پلیٹ فارم پر فروخت کرتا اور ماہانہ اندازاً 10 ہزار سے 20 ہزار یوان (3 لاکھ 80 روپے سے 7 لاکھ 60 ہزار روپے) تک کماتا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں