ایران میں 6 مجرموں کو پھانسی دیدی گئی
ایران میں ایک ملزم کو متعد خواتین پر حملے، ایک کو کرپشن اور 4 کو منشیات فروشی کے الزام میں پھانسی دیدی گئی۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی عدلیہ نے بتایا کہ ایکملزم نےدارالحکومت تہران کی سڑکوں پر 59 خواتین پر جوتے سلائی کے لیے استعمال ہونے والے تیز دھار آلےسے حملہ کیا تھا۔
عدلیہ کی میزان آن لائن نیوز ویب سائٹ کے مطابق رستگوئی کنڈولاج موٹر سائیکل سوار ہوکر سڑک کے کنارے کھڑی خواتین کو نشانہ بناتا رہا۔
عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ اس واقعے نے ایران میں دہشت کی فضا قائم کردی اور خواتین میں خوف و ہراس پھیل گیا تھا۔
مجرم کو اپنے ٹرائل کا منصفانہ موقع دیا گیا اور ٹھوس شواہد کی روشنی میں جرم ثابت ہونے پر سزائےموت سنائی گئی تھی جسے اعلیٰ عدالتوں نے بھی برقرار رکھا۔
تاہم عدلیہ کی ویب سائٹ میزان میں یہ نہیں بتایا گیا کہ رستوگئی کنڈولاج کو کب گرفتار کیا گیا تھا اور ان کے خلاف سماعتیں کب کب اور کہاں کہاں ہوئیں۔
علاوہ ازیں عدالتی ویب سائٹ میں کہا گیا ہے کہ 4 دیگر ملزمان کو منشیات فروشی اور ایک کو کرپشن کا الزام ثابت ہونے پر بھی پھانسی دی گئی۔
عدالتی بیان میں کہا گیا ہے کہ ان 6 ملزمان کو ایک ہی دن یعنی آج اور ایک ہی جیل میں پھانسی دی گئی۔
یاد رہے کہ ایران میں قتل، منشیات اسمگلنگ، خواتین کے ساتھ جنسی زیادتی اور بد فعلی کی سزا موت ہے۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل سمیت انسانی حقوق کی تنظیموں نے ایران کو چین کے بعد سب سے زیادہ پھانسی کی سزا دینے والا ملک قرار دیا ہے۔