کراچی کے ضلع جنوبی میں طلبا کی سائنسی اور تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے محکمہ تعلیم و خواندگی سندھ کے زیر اہتمام اسٹیم مقابلوں کا انعقاد کیا گیا مقابلوں میں طلبا نے فضلے سے میوزیکل انسٹرومنٹس تیار کیے اور انہیں ملی نغموں کی دھنوں پر پیش کیا جس سے شرکا کے چہرے خوشی سے کھل اُٹھے۔
محکمہ تعلیم و خواندگی سندھ کے زیر اہتمام مقابلوں میں 30 سرکاری اسکولوں کے طلبا اور اساتذہ نے بھرپور شرکت کی، ان مقابلوں کا مقصد طلبا کی سائنسی اور تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا اور انہیں عملی مسائل حل کرنے کی ترغیب دینا تھا۔
اساتذہ نے طلبا کو قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے فلوٹنگ بورڈز بنانے کا چیلنج دیا جس پر طلبا نے گھر میں موجود پلاسٹک بوتل، تھرموپول اور لکڑیوں سے اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا.
ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر جنوبی امتیاز بگھیو نے اس موقع پر کہا کہ ان مقابلوں کا مقصد طلبا میں سائنسی اور تخلیقی سوچ کو فروغ دینا تھا تاکہ وہ عملی طور پر مسائل حل کرنے کی طرف راغب ہوں۔
کچھ طلبا نے پاکستان کے چاروں صوبوں کی ثقافت کو پوسٹ کارڈز کے ذریعے منفرد انداز میں پیش کیا۔ اسٹیم مقابلوں کے ذریعے ریاضی، سائنس اور ٹیکنالوجی کے عملی استعمال کے ذریعے طلبا کی صلاحیتوں کو اجاگر کیا گیا۔