اعصام الحق نے ڈیوس کپ مقابلے کے لیے اپنا پارٹنر بدل لیا

عقیل خان کی جگہ اب ان کے ساتھی نوجوان کھلاڑی مزمل ہوں گے

(فوٹو: فائل)

ٹینس سٹار اعصام الحق نے ڈیوس کپ ڈبلز مقابلوں کے لیے اپنا پارٹنر بدل لیا۔ انہوں نے عقیل خان کی جگہ اب نوجوان کھلاڑی مزمل کو اپنا ساتھی چن لیا۔

لاہور میں جاری خواجہ افتخار احمد میموریل ٹینس چیمپئن شپ پر میچ کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے اعصام الحق کا کہناتھا کہ نوجوان کھلاڑیوں کوساتھ لے کر آگے بڑھنا چاہتےہیں۔ دو اگر پنتالیس سالہ کھلاڑی کورٹ میں ہوں تو ان کے لیے میچز جیتنا مشکل ہوجاتاہے، اس لیے اب ہم نوجوان کھلاڑیوں کو سامنے لارہےہیں۔

اعصام الحق جو پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر بھی ہیں، نے ایک سوال کےجواب میں بتایاکہ بطور صدر پی ٹی ایف ایک بڑی ذمہ داری اور ترجیح ہے، اس لیے کوشش کررہے ہیں کہ نوجوان کھلاڑیوں کو زیادہ سےزیادہ آگےلائیں، میری کوشش ہے کہ اگلے سال پہلی دفعہ پاکستان کی تاریخ میں اے ٹی پی چیلنج ٹورنامنٹ ہو، جتنے زیادہ انٹرنیشنل ایونٹ پاکستان میں ہوں گے، اتنا ہی کھیل کو فروغ ملے گا اور نوجوان کھلاڑیوں کو میچز کھیلنے کاتجربہ ملے گا۔

دوسری جانب عقیل خان اب شعیب خان کے ساتھ پیئر بناچکےہیں۔

Load Next Story