جیکب آباد میں ایک اور بچہ پولیو کا شکار، ملک بھر میں مجموعی تعداد 64 ہوگئی
سال کی آخری پولیو مہم کے دوران پاکستان میں جیکب آباد سے ایک اور پولیو کیس سامنے آگیا۔ جیکب آباد سے یہ سال کا چوتھا پولیو کیس ہے۔ رواں سال پولیو کیسز کی مجموعی تعداد 64 تک پہنچ گئی۔
نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ میں پولیو کے خاتمے کے لیے ریجنل ریفرنس لیبارٹری نے ملک سے 2024 کے 64 ویں وائلڈ پولیووائرس ٹائپ 1 (WPV1) کیس کی تصدیق کی ہے۔
لیب نے جیکب آباد سے کیس کی تصدیق کی۔ جیکب آباد سے یہ سال کا چوتھا پولیو کیس ہے، جبکہ ملک بھر سے رواں سال مجموعی طور پر پولیو کے 64 کیس رپورٹ ہوچکے ہیں۔
64 پولیو کیسز میں سے 26 کا تعلق بلوچستان، 18 کا خیبر پختونخوا، 18 کا سندھ، اور ایک ایک کا تعلق پنجاب اور اسلام آباد سے ہے۔
اس وقت ملک میں بڑے پیمانے پر پولیو ویکسینیشن مہم جاری ہے جس کے تحت 143 اضلاع میں پانچ سال سے کم عمر کے 44 ملین سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا رہے ہیں۔