سرجانی ٹاؤن پولیس نے کرائے دار کی 6 سالہ بچی کے ساتھ بدتمیزی کرنے کا مقدمہ مالک مکان کے خلاف درج کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق سرجانی ٹاؤن پولیس نے 6 سالہ بچی ایشل کے ساتھ بدتمیزی کرنے کا مقدمہ محمد اسد اللہ کی مدعیت میں ملزم بابل کے خلاف درج کر لیا۔
پولیس کے مطابق مدعی اسد اللہ نے سرجانی ٹاؤن تھانے آکر بتایا کہ وہ مکان نمبر 170 سیکٹر 50/C لیاری تیسر ٹاؤن کا رہائشی ہوں۔میرے 4 بچے ہیں تین بیٹیاں اور ایک بیٹا ، جب میں اور میری بیوی کام پر چلے جاتے ہیں تو میری بیٹی ایشل جس کی عمر 6 برس ہے اسے میرا مالک مکان بابل اکثر اپنے گھر بلا لیتا ہے۔ بابل دو ہفتے مسلسل میری بیٹی کے ساتھ نازیبا حرکتیں کرتا رہا ہے۔
مدعی نے پولیس کو بتایا کہ میری بیٹی نے 17 دسمبر کو مجھے واقعے کے بارے میں بتایا تو میں پریشان ہوگیا ، میں نے اپنے مالک مکان بابل سے بات کی تو اس نے جھگڑا شروع کر دیا اور کہا کہ تم مجھے جانتے نہیں ہو میری پہنچ کہاں تک ہے۔ جس پر میں واقعے کا مقدمہ درج کرانے آیا ہوں ، لہذا میرے ساتھ انصاف کیا جائے۔
پولیس نے مدعی کا بیان قلمبند کرکے مقدمہ درج کر کے فوری طور پر چھاپہ مار کر ملزم کو گرفتار کر لیا ۔