کشمش، ایک مفید میوہ

کشمش ایک خشک میوہ ہے جو صحت کے لیے بے شمار فوائد کا حامل ہے۔


سمیرا انور December 19, 2024
فوٹو : فائل

کشمش ایک خشک میوہ ہے جو وٹامنز، فائبر اور معدنیات سے بھرپور ہوتا ہے۔ کشمش کے مختلف رنگ ہوتے ہیں، جیسے سرخ کشمش، سیاہ کشمش اور پیلی کشمش، اور یہ دنیا بھر میں مختلف قسموں میں استعمال ہوتی ہے۔

کشمش ایک خشک میوہ ہے جو صحت کے لیے بے شمار فوائد کا حامل ہے۔ ماہرین نے طویل عرصے سے کشمش کے پانی کو جگر اور آنتوں کی صفائی کے لیے استعمال کیا ہے۔ یہ خشک میوہ اینٹی آکسیڈنٹس اور غذائی ریشہ سے بھرپور ہوتا ہے جو جسم سے زہریلے مادوں کو نکالنے میں مدد دیتا ہے۔

سائنسدانوں اور کھیلوں کے ماہرین کا خیال ہے کہ کشمش توانائی کے لیے بہت مفید ہے۔ کشمش میں وٹامنز اور فائبر ہوتے ہیں جبکہ کوئی مصنوعی شکر نہیں ہوتی، جس سے یہ توانائی کے قدرتی ماخذ کے طور پر مفید ہے۔ تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ کشمش فائبر، پوٹاشیم، فائٹونیوٹریئنٹس، اور اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور ہوتی ہے۔ جو لوگ اسے باقاعدگی سے کھاتے ہیں ان کا بلڈ پریشر کم ہوتا ہے۔کشمش کا پانی خون کو صاف کرتا ہے اور دل کی صحت کو بہتر بناتا ہے۔ یہ جسم کی ضرورت سے زائد کولیسٹرول کو نکالتا ہے اور دل کو صحت مند رکھتا ہے۔

کشمش میںموجود اینٹی آکسیڈنٹس جسم کو فری ریڈیکلز سے بچاتے ہیں جو کینسر کا سبب بن سکتے ہیں۔کشمش سے وزن کم کرنے میں مدد ملتی ہے کیوں کہ یہ گلوکوز سے بھرپور ہوتا ہے، جو توانائی فراہم کرتا ہے۔کشمش کا پانی آئرن کی کمی کے شکار افراد کے لیے مفید ہے کیوں کہ یہ آئرن سے بھرپور ہوتا ہے، جو خون کی فراہمی بڑھاتا ہے اور خون کی کمی (انیمیا) کا علاج کرتا ہے۔کشمش میں کیلشیم ہوتا ہے جو ہڈیوں کی نشوونما کے لیے بہت ضروری ہے۔ اس کا پانی پینے سے ہڈیاں مضبوط ہوتی ہیں۔ مدافعتی نظام بہتر ہوتا ہے۔ کشمش کے پانی میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس مدافعتی نظام کو مضبوط کرتے اور مختلف وائرسوں سے تحفظ فراہم کرتے ہیں۔

کشمش کا پانی بنانے کا طریقہ: کشمش کا پانی بنانے کے لیے درج ذیل مراحل پر عمل کریں۔ ایک پین میں دو کپ پانی اُبالیں، پھر چولہے سے اُتار لیں۔ پانی میں ایک چمچ کشمش ڈال کر اسے رات بھر یا کم از کم 8 گھنٹوں کے لیے بھگو دیں۔ صبح کے وقت خالی پیٹ اس پانی کو پی لیں۔ کشمش کا پانی آپ دن میں کسی بھی وقت پی سکتے ہیں، لیکن اگر آپ اس کے فوائد کا بھرپور فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں تو اسے صبح کے وقت خالی پیٹ پیئیں۔ یاد رکھیں کہ پانی پینے کے بعد آدھے گھنٹے تک کچھ نہ کھائیں یا نہ پیئں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں