اسلام آباد:
ڈائریکٹر جنرل پی ایس بی کی تعیناتی کا وزارت بین الصوبائی رابطہ کا 26 جون 2024 کا نوٹیفکیشن اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔
درخواست مگزار کے مطابق یاسر پیرزادہ کو ٹرانسفر کر کے پاکستان اسپورٹس بورڈ میں تین سال کے لیے ڈی جی تعینات کرنا غیر قانونی ہے۔ سابق ڈی جی پاکستان اسپورٹس بورڈ شعیب کھوسو کی برطرفی کے بعد عہدہ خالی ہوا اور ایڈیشنل سیکرٹری آئی پی سی ظہور احمد کو بطور ڈی جی پاکستان اسپورٹس بورڈ ایڈیشنل چارج دیا گیا۔
ڈی جی پی ایس بی کی تعیناتی کے لیے عہدہ خالی ہونے کے بعد 60 دنوں میں اسامی مشتہر کرنا ضروری ہے لیکن مروجہ طریقہ کار اور قانونی تقاضے پورے کیے بغیر یاسر پیرزادہ کو ڈی جی پاکستان اسپورٹس بورڈ لگا دیا گیا۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ بےقاعدگی کو قانونی کور دینے کے لیے پی ایس بی کے آئین میں ڈی جی کی تعیناتی سے متعلق شق میں ترمیم تجویز کی گئی، بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں پاکستان اسپورٹس بورڈ کے آئین میں ترمیم تجویز کی گئی کورم کے تحت نہیں تھی۔
استدعا کی گئی ہے کہ یاسر پیرزادہ کو بطور ڈی جی پاکستان اسپورٹس بورڈ تعینات کرنے کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیا جائے اور ڈی جی کی تعیناتی کے لیے رولز کے مطابق اسامی مشتہر کر کے تعیناتی کا حکم دیا جائے۔