محکمہ اطلاعات سندھ کا شوبز انڈسٹری سے وابستہ افراد کی معاونت کا فیصلہ

سندھ کابینہ کی منظوری کے بعد فلم اور ڈرامہ پروڈکشن بورڈ کا قیام عمل میں لایا گیا ہے

محکمہ اطلاعات حکومت سندھ کی جانب سے فلم اور ڈرامہ انڈسٹری سے وابستہ افراد کی معاونت کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس سلسلے میں بورڈ بھی قائم کردیا گیا ہے۔

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی صدارت میں ہونے والے اہم اجلاس میں سندھ کابینہ کی منظوری حکومت سندھ کی جانب سے فلم اور ڈرامہ پروڈکشن بورڈ کا قیام عمل میں لایا گیا۔

مذکورہ پروڈکشن بورڈ فلم اور ڈرامہ پروڈکشن اور اس شعبے سے منسلک لوگوں کی معاونت کرے گا۔

اس موقع پر سینئر وزیر نے اظہار خیال کیا کہ فلم اور ڈرامہ کے توسط سے پاکستان خاص طور پر سندھ میں مثبت سوچ کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ محکمہ اطلاعات کی جانب سے نئے ٹیلنٹ کے فروغ کےلیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔

شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ صوبے کے گوناگوں کلچر اور ہمہ گیر تاریخی تہذیب کو اجاگر کرنے کی خواہاں ہے۔ فلم اور ڈرامہ پروڈکشن بورڈ ثقافتی نمائندگی اور تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دینے کےلیے کردار ادا کرے گا۔

اجلاس میں سیکریٹری اطلاعات ندیم الرحمان میمن، ڈائریکٹر ایڈورٹائزمنٹ محمد یوسف کابورو اور دیگر حکام بھی شریک تھے۔

Load Next Story