4905 گراں فروشوں کے خلاف چالان 94 لاکھ روپے جرمانہ وصول

ڈپٹی کمشنروں، مختارکار اور ٹاسک فورس نے10 کروڑ روپے کے پھل، سبزیاں، گوشت، مرغی، دودھ سرکاری نرخ پر فروخت کرائے

رمضان کے دوران347گراں فروشوں کوجیل بھیج دیا گیا، سب سے زیادہ جرمانے مہنگا اور ملاوٹ شدہ دودھ بیچنے والوں پرکیے گئے۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

کمشنر کراچی کی ہدایت پر رمضان میں شہریوں کو سستے داموں اشیا کی فراہمی کے لیے گراں فروشوں کے خلاف کریک ڈائون کے دوران22 ویں روزے تک مجموعی طور پر94 لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے عائد کیے گئے ہیں۔

4905چالان کیے گئے اور347 گراں فروشوں کو جیل بھیجا گیا جبکہ مختلف علاقوں میں ڈپٹی کمشنروں، اسسٹنٹ کمشنروں، مجسٹریٹ، مختار کار اور ٹاسک فورس کی موجودگی میں پھل، سبزیاں، گوشت، مرغی، دودھ سرکاری نرخ پر فروخت کرایا گیا جس کی مالیت 10کروڑ روپے سے زائد ہے، کمشنر ہائوس کے اعدادوشمار کے مطابق یکم رمضان سے 22 ویں روزے تک سب سے زیادہ37 لاکھ 23ہزار روپے کے جرمانے مہنگے داموں اور ملاوٹ شدہ دودھ فروخت کرنے والوں پر عائد کیے گئے۔


دودھ فروشوں کے مجموعی طور پر 962چالان کیے گئے پھل فروشوں کے خلاف 1363چالان کیے گئے جبکہ 13لاکھ 98 ہزار 550 روپے کے جرمانے عائد کیے گئے، مہنگے داموں سبزی فروخت کرنے والوں کے خلاف 1505چالان کیے گئے اور 12 لاکھ 85ہزار 300روپے کے جرمانے عائد کیے گئے، مہنگا گوشت فروخت کرنے پر 29 چالان کیے گئے جبکہ ایک لاکھ 17ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے، مرغی کے گوشت کی سرکاری قیمت سے زائد پر فروخت کرنے والے 672 دکانداروں کے چالان ہوئے اور 13لاکھ 15ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔

کریانہ اشیا اور اجناس کی گراں فروشی پر 293 چالان ہوئے اور 13لاکھ 69ہزار 500 روپے کے جرمانے عائد کیے گئے، مہنگا آٹا فروخت کرنیوالوں کے 71 چالان کیے گئے اور2 لاکھ 14ہزار 200 روپے کے جرمانے عائد کیے گئے اس طرح مجموعی طور پر 4905 چالان کیے گئے 347 گراں فروشوں کو جیل بھیجا گیا اور مجموعی طور پر 94 لاکھ 37 ہزار 550 روپے کے جرمانے وصول کیے گئے، گراں فروشوں پر بھاری جرمانوں کے ساتھ موقع پر ہی پھل، سبزی، گوشت، مرغی اور دودھ سرکاری قیمت پر فروخت کرایا یومیہ بنیادوں پر 40لاکھ روپے سے زائد کی اشیا مختلف علاقوں میں سرکاری نرخ پر فروخت کرائی گئی جس سے صارفین کو 9 کروڑ روپے سے زائد کا موقع پر ہی ریلیف دیا گیا۔
Load Next Story