راولپنڈی:
سانحہ 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس میں انسداد دہشت گردی عدالت نے پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی، وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور سمیت 14 ملزمان پر فرد جرم عائد کردی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق انسداد دہشتگردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے تھانہ آر اے بازار میں درج 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس کی اڈیالہ جیل میں سماعت کی، بانی پی ٹی آئی، شاہ محمود قریشی، شبلی فراز، شیخ رشید، فواد چوہدری سمیت درجنوں ملزمان پیش ہوئے، عدالت نے مزید 14 ملزمان پر فرد عائد کردی۔
عدالت نے وزیر اعلی کے پی علی امین گنڈا پور، شبلی فراز، شاہ محمود قریشی، شہریار افریدی، کنول شوزب، کرنل ریٹائرڈ شبیر اعوان، لطاسب ستی، عمر تنویر بٹ، تیمور مسعود، سعد علی خان، سکندر زیب، زوہیب آفریدی، فہد مسعود اور راجہ ناصر محفوظ پر فرد جرم عائد کی۔
عدالت نے فرد جرم پڑھ کر سنائی تو تمام ملزمان نے صحت جرم سے انکار کردیا۔ جج نے وزیراعلی علی امین گنڈا پور کی عدالت میں پیشی پر ان کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کردئیے۔
9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس میں بانی پی ٹی آئی، عمر ایوب، شبلی فراز سمیت مجموعی طور پر 113 ملزمان پر فرد جرم عائد ہو چکی، سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی کی جانب سے دائر فرد جرم کے لئے ناکافی شواہد کی درخواست پر ابتدائی سماعت مکمل کر لی گئی جبکہ درخواست پر مزید سماعت کل انسداد دہشتگردی عدالت راولپنڈی میں کی جائے گی۔
وزیر اعلی کے پی علی امین گنڈا پور کی جانب سے غلام حسنین سنبل ایڈووکیٹ کو پلیڈر مقرر کر دیا گیا، جو 9 مئی کے 12 مقدمات میں ان کے پلیڈر ہوں گے۔
علی امین گنڈا پور، شبلی فراز اور کنول شوزف نے بھی 265 ڈی کی درخواستیں دائر کردی، درخواستوں کی سماعت کل انسداد دہشتگردی عدالت راولپنڈی میں کی جائے گی۔