حکومت کا بڑا اقدام، مختلف ممالک میں ٹریڈ افسران تعینات کرنے کا فیصلہ

پاکستان کی برآمدات میں 13.8 فیصد اضافہ اور درآمدات میں 3 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، ذرائع وزارت تجارت


ارشاد انصاری December 19, 2024

اسلام آباد:

وفاقی حکومت نے برآمدات اور براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے تجارتی ڈپلومیسی میں تیزی لانے کے لیے مختلف ممالک میں ٹریڈ افسران تعینات کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

وزارت تجارت کے ذرائع کے مطابق ملکی برآمدات اور براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں اضافے کے لیے تجارتی سفارتی کاری تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس کے تحت ملائیشیا، چین، سعودی عرب، ایراق اورعمان میں ٹریڈ افسران تعینات کیے جائیں گے۔

ذرائع نے بتایا کہ یورپ میں ہنگری اور یونان کے لیے بھی تجارتی افسران کی خدمات لی جائیں گی، افریقہ میں تنزانیہ اور موزمبیق کے لیے بھی ٹریڈ افسران تجارت بڑھانے کے لیے تعینات ہوں گے۔

انہوں نے بتایا کہ تجارتی خسارہ کم کرنے کے لیے نئی ٹیرف لائن پر بھی کام جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق چین میں ٹریڈ افسران کے ساتھ سپورٹ افسران کی تعیناتی بھی زیر غور ہے، اسی طرح دیگرتمام اہم ممالک میں کمرشل افسران کی تقرری کی راہیں ڈھونڈی جا رہی ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ مالی سال 24-2023 میں برآمدات 30 ارب 60 کروڑ ڈالر رہیں، گزشتہ مالی سال پاکستان کی درآمدات 53 ارب 10 کروڑ ڈالر رہیں، اس لحاظ سے ملک کا تجارتی خسارہ 5.4 ارب ڈالرز کی کمی سے 22.5 ارب ڈالرز تک آگیا ہے ۔

ذرائع نے بتایا کہ مجموعی طور پر پاکستان کی برآمدات میں 13.8 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اورپاکستان کی مجموعی طور پر درآمدات میں 3 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں