فرانس؛ 50 سے زائد افراد سے بیوی کیساتھ جنسی زیادتی کروانے والے شوہر کو 20 سال قید

شوہر نے بیوی کو نشہ آور دوا دیکر بے ہوشی کی حالت میں 50 سے زائد اجنبیوں سے زیادتی کروائی اور ویڈیوز بنائیں


ویب ڈیسک December 19, 2024

فرانس کی عدالت نے جزیل پیلی کوٹ کے 72 سالہ شوہر اور دیگر 50 ساتھی ملزمان کو اجتماعی عصمت دری کے ایک مقدمے میں مجرم قرار دیدیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق فرانس کے اس کیس نے پوری دنیا کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔ جس میں شوہر نے اپنی بیوی کو بے ہوشی کی دوا کھلا کر 50 سے زائد اجنبیوں سے جنسی زیادتی کروائی۔

شوہر 72 سالہ ڈومینیک پیلیکوٹ نے اس شرم ناک حرکت کی 20 ہزار سے زائد ویڈیوز اور تصاویر بھی بنائیں اور انھیں اپنے لیپ ٹاپ میں محفوظ رکھا تھا۔

تین ماہ سے جاری سماعت میں ڈومینک پیلی کوٹ نے اپنی بیٹی اور بیوی کا سامنا کیا۔ کمرۂ عدالت میں متعدد بار جذباتی لمحات دیکھنے میں آئے۔

شوہر ڈومینک پیلی کوٹ کے اقبال جرم کے بعد آج عدالت نے انھیں 20 سال قید کی سزا سنا دی جب کہ پیرول پر رہائی کے لیے انھیں 13 سال لازمی قید کاٹنا ہوگی۔

یہ خبر بھی پڑھیں : فرانس بیوی کو نشہ آور اشیا پلاکر 72 افراد سے زیادتی کروانے والا شوہر گرفتار 

ڈومینک پیلی کوٹ کے وکیل نے سزا سننے کے بعد کہا کہ ان کے مؤکل سزا کے خلاف اپیل دائر کرنے پر غور کر رہے ہیں۔

جنسی زیادتی کرنے والے 50 ملزمان کے لیے 4 سے 18 سال قید کی درخواست کی گئی۔

جنسی زیادتی کرنے والوں کی عمریں 27 سے 74 سال کے درمیان ہیں۔ جن میں سے کچھ نے اقبال جرم کیا اور اکثر نے کہا کہ وہ سمجھے یہ سب رضامندی ہو رہا ہے۔

عدالت نے ان 50 ملزمان میں سے 47 کو عصمت دری اور 2 کو عصمت دری کی کوشش کا مجرم قرار دیتے ہوئے قید کی سزائیں سنائیں۔

جزیل پیلی کوٹ نے عدالت سے انصاف ملنے پر اپنی حمایت کرنے والے ایک ایک شہری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ کیس ناانصافی کی شکار خواتین کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا۔

سماعت کے آغاز پر جزیل پیلی کوٹ سیاہ چشمہ پہن کر عدالت آتی تھیں تاکہ ان کی شناخت نہ ہوسکے تاہم آخر میں انھوں نے اس کیس کا بہادری سے سامنا کرنے کا فیصلہ کیا۔

جزیل پیلی کوٹ نے عدالت میں جنسی زیادتی کی ویڈیوز اور تصاویر دکھانے اور کھلی سماعت کی بھی اجازت دی تاکہ اس مکروہ جرم کا پردہ فاش ہو۔

72 سالہ جزیل پیلی کوٹ نے یہ بھی مطالبہ کیا تھا انھیں اب ان کے شادی سے پہلے والے نام سے پکارا جائے۔

فرانس سمیت دنیا بھر میں جزیل پیلی کوٹ کے دلیرانہ طور پر سامنے آکر اپنے ساتھ ہونے والی زیادتی کا کیس لڑنے پر تعریف کی گئی ہے۔

 

 

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں