مجھے بھی سنا جائے،وائس چیئرمین پی ٹی آئی کا اپنی پارٹی سے مطالبہ

پی ٹی آئی میں واحد سیاست دان ہوں جس نے بلدیاتی، صوبائی اور وفاقی سطح پر سیاست کی ہے، شاہ محمود قریشی


عمران اصغر December 19, 2024
—فائل: فوٹو

راولپنڈی:

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین اور سابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پارٹی میں مجھے بھی سنا جائے اور سول نافرمانی نے تحریک مؤخر کرنے کا مشورہ میں نے دیا تھا۔

رہنما پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی نے اڈیالہ جیل میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، 9 مئی کو راولپنڈی نہیں بلکہ کراچی میں تھا۔

انہوں نے کہا کہ میں کہتا ہوں اے ٹی اے کی سیکشن 16 کے تحت 9 مئی پر میرا اور پراسیکیوشن کا حلف لیں، 40 سال سے عملی سیاست کر رہا ہوں کسی کے ایک ٹکے کا روادار نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پیر کو سلمان اکرم راجا مجھے ملنے کوٹ لکھپت جیل آئے تھے لیکن میں راولپنڈی میں تھا جس کی وجہ سے ملاقات نہیں ہو سکی۔

سابق وزیرخارجہ نے کہا کہ پی ٹی آئی میں واحد سیاست دان ہوں جس نے بلدیاتی، صوبائی اور وفاقی سطح پر سیاست کی ہے اور میرا نکتہ نظر ہے کہ پارٹی میں مجھے بھی سنا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ سیاست میں مشاورت ہوتی ہے اور یہ سنت بھی ہے، بانی پی ٹی آئی کو سول نافرمانی تحریک ملتوی کرنے کی تجویز دی تھی، حکومتی مطالبے پر ہم نے قدم اٹھا کر مذاکراتی کمیٹی بنا دی ہے اب حکومت بھی سنجیدگی کا مظاہرہ کرے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت مذاکرات کا آغاز کرے، ملک کو سیاسی استحکام کی ضرورت ہے، سیاسی استحکام کے بغیر معاشی استحکام نہیں آسکتا۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردی بڑھ رہی ہے جہاں روزانہ ہمارے فوجی بچے شہید ہو رہے ہیں، جو لمحہ فکریہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں جس طرح غیر ملکی ہاتھ شورش کو ہوا دے رہا ہے وہ بھی لمحہ فکریہ ہے، سیاسی استحکام کے بغیر کوئی پاکستان میں سرمایہ کاری نہیں کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں اعتماد کافقدان ہے، ان چیلنجز کے پیش نظر سیاسی ڈائیلاگ شروع کیا جائے، ڈیڑھ سال ہو گیا میری ضمانت کا فیصلہ نہیں ہو رہا ہے، میرٹ پر فیصلہ کر دیں، میں کوئی رعائت نہیں مانگ رہا ہوں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جب مذاکرات کی بات ہو رہی ہے تو ہمیں بھی حکومت کو وقت دینا چاہیے، سول نافرمانی تحریک ملتوی کرنے کا حتمی فیصلہ بانی پی ٹی ائی کریں گے اورمذاکرات میں پیش رفت ہوئی تو یہ اچھی بات ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ میں نے بانی پی ٹی آئی سے گزارش کی تھی کہ حکومت کو وقت دیں تاکہ ان کی سنجیدگی کا اندازہ ہو جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

تشویشناک صورتحال

Dec 28, 2024 01:16 AM |

چاول کی برآمدات

Dec 28, 2024 01:12 AM |

ملتے جلتے خیالات

Dec 28, 2024 01:08 AM |