پی ٹی آئی کے احتجاج میں زخمی ہونے والا رینجرز کا ایک اور اہلکار شہید

پی ٹی آئی کے شرپسند وں کے حملوں سے رینجرز کے شہید اہلکاروں کی تعداد 4 ہو گئی

(فوٹو: فائل)

اسلام آ باد:

26 نومبر کو تحریک انصاف کے اسلام آباد میں احتجاج کی آڑ میں ہونے والی شرپسندی کا شکار پاکستان رینجرزپنجاب کا ایک اور اہلکار شہید ہوگیا۔

25 اور 26 نومبر کواحتجاج کی آڑ میں پرتشدد کارروائیوں میں شدید زخمی پاکستان رینجرز پنجاب کے لانس نائیک محمد تنویر (عمر37 سال، ساکن ضلع نارووال) کومہ کی حالت میں تھے۔

لانس نائیک محمد تنویر شہید نے 17سال تک دفاع وطن کا مقدس فریضہ سر انجام دیا، ان کے سوگواران میں اہلیہ، 2 بیٹے اور تین بیٹیاں شامل ہیں۔

25/26 نومبر کواحتجاج کی آڑمیں پی ٹی آئی کارکنان نے پرتشدد حملے کیے، پی ٹی آئی کارکنان نے سرکاری املاک پہ حملے کیے اور ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔

پی ٹی آئی کے شرپسند وں کے حملوں سے رینجرز کے شہید اہلکاروں کی تعداد اب 4 ہو گئی ہے جبکہ متعدد زخمی ہیں۔اس کے علاوہ پنجاب پولیس کے دو اہلکار شہید جبکہ تقریباً 119 اہلکار زخمی ہوئے۔ پرتشدد کاروائیوں کے دوران اسلام آباد پولیس کے 11 اہلکار شدید زخمی ہوئے۔

پرتشدد واقعات اور توڑ پھوڑ کی متعدد ویڈیوز منظرعام پرآ چکی ہیں، پی ٹی آئی کارکنان نے مختلف مقامات پر آگ بھی لگائی، پرتشدد عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Load Next Story