صدر مملکت کا سعودی وفد سے ملاقات میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال پراظہار تشویش

صدرمملکت نے عودی عرب کے ساتھ اقتصادی، سیاسی اور ثقافتی تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا


ویب ڈیسک December 19, 2024
صدرمملکت نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ پارلیمانی تعاون اور اعلیٰ سطح پر تبادلے بڑھانے کی ضرورت ہے—فوٹو: ایوان صدر

اسلام آباد:

صدرمملکت آصف علی زرداری نے سعودی عرب کی شوریٰ کونسل کے چیئرمین کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کے وفد سے ملاقات میں مشرق وسطیٰ کی سنگین صورت حال پر تشویش کا اظہار کیا۔

ایوان صدر سے جاری اعلامیے کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے سعودی عرب کی شوریٰ کونسل کے چیئرمین اور وفد کے ارکان نے ملاقات کی جہاں انہوں نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے ساتھ پارلیمانی تعاون اور اعلیٰ سطح پر تبادلے بڑھانے کی ضرورت ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ پارلیمانی تعاون سے پاک-سعودی عرب برادرانہ تعلقات مزید گہرے ہوں گے، انہوں نے سعودی عرب کے ساتھ اقتصادی، سیاسی اور ثقافتی تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین تاریخی اور برادرانہ تعلقات ہیں، پاک-سعودی عرب تعلقات مشترکہ عقیدے، تاریخ اور ثقافت پر استوار ہیں اور دونوں ممالک کے مابین اقتصادی، سرمایہ کاری تعاون بڑھانے کی مزید گنجائش موجود ہے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے مشرق وسطیٰ میں بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانے سمیت اسرائیلی جارحیت سے پیدا ہونے والی مشرق وسطیٰ کی سنگین صورت حال پر تشویش کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان فلسطین، لبنان اور شام سے تعلق رکھنے والے اپنے بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑا ہے۔

صدر مملکت نے خادمین حرمین شریفین اور شہزادہ محمد بن سلمان کے لیے نیک خواہشات کا پیغام دیا اور کہا کہ پاکستانی عوام شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی صحت، تندرستی اور درازی عمر کے لیے دعاگو ہیں۔

ایوان صدر سے جاری اعلامیے کے مطابق فریقین نے دیرینہ دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط کرنے اور اسٹریٹجک شراکت داری میں بدلنے کی ضرورت پر زور دیا۔

چیئرمین سعودی شوریٰ کونسل نے کہا کہ پاکستان کی قیادت اور ارکان پارلیمنٹ کے ساتھ نتیجہ خیز بات چیت ہوئی اور سعودی فرماں روا شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان کی جانب سے صدر کی صحت کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں