عالمی مقابلوں کیلئے جانے والے کئی کھلاڑی اور آفیشلز کہاں غائب ہوگئے، تفصیلات سامنے آگئیں

برطانیہ، ہنگری، اٹلی، ہالینڈ اورپولینڈ سمیت دیگر ممالک جانے والے متعدد کھلاڑی اور آفیشلز وہیں رہ گئے


ویب ڈیسک December 19, 2024
چند کھلاڑیوں نے سیاسی پناہ لے لی—فوٹو: فائل

اسلام آباد:

بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کے بیرون ملک جانے والے پاکستانی کھلاڑی اور آفیشلز کی ایک بڑی تعداد واپس نہ آنے کا انکشاف ہوا ہے اور مذکورہ کھلاڑی اور آفیشلزوہیں رہ گئے ہیں اور اس حوالے سے تفصیلات بھی سینیٹ میں جمع کرادی گئی ہیں۔

وزارت بین الصوبائی رابطہ نے سینٹ میں تحریری جواب میں بیرون ملک کھیلوں کے مقابلوں میں وہیں رہ جانے والے کھلاڑیوں اور آفیشلز کی تفصیلات پیش کردی۔

تحریری جواب میں کہا گیا ہے کہ 2022 میں ہنگری میں ورلڈ چیمپین شپ مقابلوں کے دوران پاکستانی سوئمر کے فیضان اکبر فرار ہوئے، 2022  میں برطانیہ میں دولت مشترکہ گیمز کے دوران دو پاکستانی باکسرز واپس نہیں آئے۔

وفاقی وزارت نے بتایا کہ مارچ 2024 میں اولمپک کوالیفائنگ ٹورنمنٹ میں پاکستانی باکسر زوہیب اٹلی میں غائب ہوگئے اور اس حوالے سے تحقیقات کرنے والی انکوئری کمیٹی نے لیفٹیننٹ کرنل ریٹائرڈ محمد ناصراعجاز ٹنگ اور خالد محمود کو 10 لاکھ روپے جرمانہ بھی کردیا ہے۔

سینیٹ میں جمع ہونے والے جواب کے مطابق ممکنہ انسانی اسمگلنگ کرنے پر معاملے کو مزید تحقیات کے لیے ایف آئی اے کے سپرد کردیا گیا ہے۔

وفاقی وزرات بین الصوبائی رابطہ نے آگاہ کیا کہ جون 2024 میں ہالینڈ اور پولینڈ کا دورہ کرنے والی ہاکی ٹیم کے تین کھلاڑیوں اور ایک فزیو نے یورپ میں سیاسی پناہ کے لیے اپلائی کیا۔

سینیٹ کو بتایا گیا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ان کھلاڑیوں پر تاحیات پابندی لگا دی ہے اور معاملے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں