KARAK:
خیبر پختونخوا کے جنوبی ضلع کرک میں گیس کی طویل ترین لوڈشیڈنگ پر خواتین سڑکوں پر آ گئیں‘ احتجاجاً صوبے میں جاری پولیو مہم کے بائیکاٹ کا اعلان، پولیو ٹیم کو بھی علاقے سے باہر کردیا۔
تفصیلات کے مطابق ضلع کرک میں گیس کی طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف خواتین سڑکوں پر نکل آئیں اور احتجاجاً پولیو مہم کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا۔ کرک کے علاقے سیریخواہ میں گیس بندش کے خلاف گیس بل اور بینرز اٹھائے خواتین نے احتجاج کرتے ہوئے انسداد پولیو مہم کے بائیکاٹ کا اعلان کرتے ہوئے پولیو ٹیم کو علاقے سے باہر کر دیا۔
خواتین مظاہرین کا کہنا تھا کہ ان کی یونین کونسل گیس کی پیداوار کا حامل علاقہ ہے لیکن ان کے لیے گیس پھر بھی نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سردیوں کے آمد کے ساتھ ہی علاقے میں گیس غائب ہے۔
احتجاج کرنے والی خواتین نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ ہم گیس بل وقت پر ادا کرتے ہیں لیکن گیس کی طویل ترین لوڈشیڈنگ ہماری سمجھ سے باہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک گیس نہیں دی جائے گی پولیو مہم کا بائیکاٹ جاری رہے گا۔
خیال رہے کہ خیبر پختونخوا میں 7 روزہ انسداد پولیو مہم جاری ہے؛ جبکہ حکومت نے پشاور سمیت صوبے بھر میں بچوں کو پولیو قطرے پلانے سے انکار کرنے والے والدین کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔