کاغذ کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے سے دینی کتب بھی مہنگی ہوگئی ہیں لیکن الحمدللہ قرآن و حدیث کے شائقین کیلئے مخلصین لوگوں نے بہت اچھی کاوشیں کی ہیں اور سیکڑوں ویب سائٹس کے ساتھ ساتھ ایسی لاتعداد ایپس بھی بنادی ہیں جو بڑی حد تک ایک دینی طالب علم اور عام آدمی کو مہنگی کتابوں کو خریدنے اور ان کو سنبھالنے کے جھنجھٹ سے آزاد کردیتا ہے۔
آج ہم ایسی ہی چند ایپس کا ذکر کرنا چاہتے ہیں۔ کچھ ایپس ایسی ہیں جو عام طالب علم کے ساتھ ساتھ عوام کیلئے فائدہ مند ہیں جبکہ کچھ ایپس صرف ایسے افراد استعمال کرسکتے ہیں جن کو عربی زبان پر اچھا عبور ہو اور وہ بنیادی دینی علوم سے بہرہ مند ہوں۔
(۱) اسلام ون (IslamOne)
قرآن اور حدیث کے بنیادی علم کیلئے یہ ایک بہترین اور شاندار ایپ ہے۔ استعمال انتہائی آسان ہے اور بغیر نیٹ کے بھی شاندار انداز میں چلتی ہے۔ اس میں حدیث کی مستند کتب تراجم کے ساتھ موجود ہیں، قرآن مجید کے تلاوت، مختلف تراجم اور تفاسیر بھی موجود ہیں۔ فونٹ انتہائی اعلیٰ ہے جس سے بہت لطف آتا ہے۔ سیرت النبی پر اور صحابہ کرام رض کی زندگی پر بہت عمدہ مواد موجود ہے، دعائیں اور مسنون اذکار موجود ہیں، ایک عام مسلمان کی ڈیلی لائف کیلئے یہ شاندار ایپ ہے۔
(۲) مجموعہ تفاسیر (TafseerOne)
یہ ایپ بھی، اسلام ون والوں نے ہی بنائی ہے اور اس میں تیس معروف تفاسیر کو جمع کردیا گیا ہے جس میں اردو اور انگریزی تفاسیر بھی شامل ہیں، وہ طلبہ جنہیں تفسیر سے شغف ہو، وہ اس سے بہت فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ باقی اس کا استعمال بھی بہت آسان اور سہل ہے۔
(۳) ترتیل (Tarteel)
وہ لوگ جو قرآن مجید کا کچھ حصہ یاد کرنا چاہتے ہیں، اس کیلئے یہ ایپ بہت ہی شاندار ہے۔ بہترین مصحف موجود ہے اور نامور قراء کی تلاوتیں ڈاؤنلوڈ کی جاسکتی ہیں، ایک ایک آیت کو لاک کرکے لامحدود مرتبہ سنا جاسکتا ہے۔ اس کا ایک پریمیم ورژن بھی ہے جو پیسے خرچ کرنے سے ملے گا جس میں مصنوعی ذہانت سے حفظ کیلئے مزید آسانی مل سکتی ہے لیکن فری ورژن بھی بہت شاندار ہے۔
(۴) جامعۃ الکتب التسعہ
جن طلبہ یا علمائے کرام ترجمے کے بجائے احادیث کی مستند عربی کتب اور ان کی شروح کا براہ راست مطالعہ کرنا چاہئے، ان کیلئے یہ ایک شاندار ایپ ہے۔ یہاں موضوعات کے حساب سے بھی احادیث مل جاتی ہیں جبکہ ایک حدیث کے الفاظ دیگر کون سی کتب میں کہاں موجود ہیں وہ بھی با آسانی ایک کلک پر مل جاتے ہیں۔ سب سے بڑی خوبی ہے کہ بغیر انٹرنیٹ کے بھی اس سے استفادہ آسان ہے۔ فونٹس تو کمال کے ہیں اور استعمال بھی بہت آسان ہے۔
(۵) الباحث القرآنی
جو طلبہ اور علمائے کرام قدیم اور جدید مستند تفاسیر کو عربی میں پڑھنے کے خواہشمند ہیں اور ساتھ ہی عربی لغات بھی دیکھنا چاہتے ہیں، ان کیلئے یہ سب سے بہترین ایپ ہے، شاندار فونٹس ہیں اور بہت ہی آسان طریقہ استعمال ہے۔ بس ایک مسئلہ یہ ہے کہ اس ایپ کو صرف انٹرنیٹ کے ساتھ استعمال کیا جاسکتا ہے اور بغیر نیٹ کے یہ کام نہیں کرتی ہے۔
(۶) المکتبۃ الشاملہ
عربی دینی کتب کے حوالے سے مکتبہ شاملہ کا نام کسی تعارف کا محتاج نہیں ہے، تفسیر، حدیث، فقہہ، منطق، بلاغت سمیت ہر دینی عنوان کے تحت اس ایپ میں ہزاروں کتب موجود ہیں۔ اس کی ویب سائٹ بھی ہے، سافٹ ویئر بھی ہے اور ایک ایپ بھی ہے۔ اوپر ذکر کی گئی ایپس کے مقابلے میں اس ایپ کا استعمال تھوڑا سا سیکھنا پڑتا ہے اور عام بندے کیلئے اس کے استعمال میں کچھ مسائل ہوسکتے ہیں لیکن جو لوگ دینی علوم کو سیکھنے سے وابستہ ہیں وہ اس سے مستغنی نہیں رہ سکتے۔ یہ ایپ عوام کیلئے نہیں ہے۔