چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سےانتظامات کا جائزہ لینے کے لیے پاکستان آئے آئی سی سی کے دو رکنی وفد نے جمعرات کو نیشنل بنک اسٹیڈیم کا تفصیلی دورہ کیا۔
آئی سی سی کے منیجرآپریشنز سیدعون زیدی اور براڈ کاسٹنگ امور کے نگران منصور منچ نے تعمیراتی کام کا تفصیلی جائزہ لیا۔
پی سی بی کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ عثمان واہلہ نے وفد کوجاری تزئن و آرائش کے حوالے سے جاری کام اور ان کی رفتار سے آگاہ کیا۔اس موقعہ پر اسٹیڈیم کے جنرل منیجر ارشد خان بھی موجود تھے۔ آئی سی سی کے وفد کے ارکان نے زیر تعمیر 5 منزلہ عمارت کے مختلف حصوں کابھی معائنہ کیا اور تصاویربنائیں۔
قبل ازیں آئی سی سی کے وفد نے قذافی اسٹیڈیم، لاہور اور پنڈی اسٹیڈیم کا بھی دورہ کیا۔
پی سی بی نے اس دورہ کو خفیہ رکھنے کی کوشش کی اور میڈیا کو لاعلم رکھا گیا۔مزید براں اس حوالے سے کوئی خبر بھی جاری نہیں کی گئی۔
واضح رہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے مجوزہ شیڈول میں 19 فروری کو افتتاحی تقریب نیشنل اسٹیڈیم، کراچی میں طے ہے جبکہ یونٹ کا پہلا میچ اسی روز پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جانا ہے۔21 فروری کو افغانستان اور جنوبی افریقا کے مابین میچ کےعلاوہ 5 مارچ کو پہلا سیمی فائنل بھی اسی مقام پرطے ہے۔
چیمپئنز ٹرافی سے قبل سہ فریقی ون ڈے انٹرنیشنل سیریز میں 12 فروری کو پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان میچ اور 14 فروری کو ہونے والافائنل بھی کراچی منتقل کر دیا گیا۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف پاکستان کی ہوم ٹیسٹ سیریز کے میچ کی میزبانی بھی نیشنل بنک اسٹیڈیم کو سونپی گئی ہے۔
دوسری جانب ذرائع کا دعویٰ ہے کہ چیمپئنز ٹرافی میں پنڈی اسٹیڈیم کے میچز بھی کراچی منتقل کیے جانے کا قوی امکان ہے۔مجوزہ شیڈول میں پنڈی اسٹیڈیم میں 24 فروری کوپاکستان اوربنگلا دیش، 28 فروری کو افغانستان اور آسٹریلیا کے درمیان میچ کے ساتھ 6 مارچ کو دوسری سیمی فائنل کھیلا جانا ہے۔
قبل ازیں آئی سی سی کے تحت پہلا دورہ پاکستان سیکیورٹی سربراہ ڈیوڈ ماسکر نے کیا تھا جبکہ دوسرے دورہ پاکستان میں سینیئر منیجر ایونٹپریشنز سارا ایڈگر اور منیجر عون زیدی نے انتظامات کا جائزہ لیا تھا۔