کرم کی کشیدہ صورت حال پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے ایپکس کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا

وزیراعلیٰ کے پی نے کرم کے عوام کو رعایتی قیمت پر گندم فراہم کرنے کی بھی ہدایت کردی


ویب ڈیسک December 19, 2024
فوٹو فائل

پشاور:

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے ضلع کرم کی صورتحال پر ایپکس کمیٹی کا اہم اجلاس آج طلب کرلیا جبکہ کرم کے عوام کو رعایتی نرخ پر گندم کی فراہمی کا فیصلہ کرتے ہوئے محکمہ خوراک اور ضلعی انتظامیہ کو اس سلسلے میں فوری اقدامات کی ہدایت کی ہے۔

فیصلے کی روشنی میں کرم کے سرکاری گودام سے لوگوں کو رعایتی نرخ پر گندم فراہم کی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی ایپکس کمیٹی کا اہم اجلاس وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ میں منعقد ہوگا جس میں اعلیٰ سول اور عسکری قیادت،متعلقہ اراکین صوبائی کابینہ، متعلقہ ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ کے حکام اجلاس میں شریک ہونگے۔

اجلاس میں ضلع کرم میں لوگوں کو اشیائے ضروریہ اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی اور امن کے قیام کے لئے اہم فیصلے کئے جائیں گے۔

فورم میں تمام متعلقہ شراکت داروں کی مشاورت سے علاقے میں دیرپا امن کے قیام کے لئے آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ مزید برآں ، اجلاس کو علاقے میں امن کے قیام کے لئے صوبائی حکومت کے تشکیل کردہ گرینڈ جرگے کی طرف سے اب تک کی پیشرفت سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔

ضلع کرم میں غذائی اجناس کی ضرورت کو  پورا کرنے کےلئے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے فوری قدم اٹھاتے ہوئے کرم کے عوام کو رعایتی نرخ پر گندم کی فراہمی کا فیصلہ کیا اور محکمہ خوراک و ضلعی انتظامیہ کو اس سلسلے میں فوری اقدامات کی ہدایت کی۔

فیصلے کی روشنی میں کرم کے سرکاری گودام سے لوگوں کو رعایتی نرخ پر گندم فراہم کی جائے گی۔

صوبائی کابینہ کے گزشتہ اجلاس میں کرم کی فلور ملوں کو گندم فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا تاہم علاقے میں پی او ایل کی عدم دستیابی کے باعث فلور ملز آٹا فراہم کرنے سے قاصر تھے۔

ڈپٹی کمشنرکرم نے فلور ملوں کی بجائے براہ راست شہریوں کو گندم فراہم کرنے کےلئے صوبائی حکومت کو استدعا کی تھی، لوگوں کی فوری ضروریات کے پیش نظر وزیر اعلیٰ نے فلور ملوں کی بجائے شہریوں کو گندم دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

سرکاری گندم رعایتی نرخ یعنی 2800 روپے فی 40 کلوگرام کے حساب لوگوں کو فراہم کی جائے گی۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کرم میں کشیدہ صورتحال کے باعث لوگوں کو درپیش مشکلات کا بھر پور احساس ہے، کرم کے عوام کو کھانے پینے، علاج معالجے اور دیگر بنیادی ضروریات کی فراہمی کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔

دریں اثنائ، وزیراعلیٰ کی خصوصی ہدایات پر کرم میں ادویات کی ضروریات پوری کرنے کیلئے صوبائی حکومت کے ہیلی کاپٹر ایم آئی۔17 کے ذریعے ادویات کی فراہمی کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔ جمعرات کے روز ادویات کی دو کھیپ صدہ پہنچائی گئی ہیں ۔3600 کلوگرام پر مشتمل اس کھیپ میں ایمرجنسی ادویات کے علاوہ ضروری ویکسنیز بھی شامل ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں