یونان میں کشتی حادثہ؛ ایف آئی اے کی بڑی کارروائی

دو ملزمان کو گرفتار جبکہ مقدمے میں عبدالرؤف، عباس ذوالفقار اور قمر الزمان نامی انسانی اسمگلرز کو نامزد کردیا گیا ہے


صالح مغل December 19, 2024
ایف آئی اے نے اپنے دو افسران گرفتار کرلیے—فوٹو: فائل

راولپنڈی:

وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) نے یونان میں پیش آنے والے کشتی حادثے کے حوالے سے انسانی اسمگلروں کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے بڑی کارروائی کی اور اپنے افسران کو بھی گرفتار کرلیا۔

ایف آئی اے سے جاری بیان کے مطابق ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل فیصل آباد نے بڑی کارروائی کی ہے اور یونان کشتی حادثے میں متاثر ہونے والے پاکستانی کو بیرون ملک بھیجنے کا جھانسے دینے میں ملوث 3 انسانی اسمگلروں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ غفلت برتنے پر ایف آئی اے نے اپنے 2 افسران کو بھی گرفتار کر لیا ہے، جن میں انسپکٹر زبیر اشرف اور سب انسپکٹر شاہد عمران شامل ہیں۔

ایف آئی اے کی جانب سے گرفتار ملزمان فیصل آباد ائرپورٹ پر بطور شفٹ انچارج تعینات تھے اور بتایا گیا کہ گرفتار ملزمان نے دوران ڈیوٹی مسافروں کی اسکریننگ کے عمل میں غفلت اور لاپروائی کا مظاہرہ کیا۔

اعلامیے کے مطابق یونان کشتی حادثے میں 18 متاثرین نے فیصل آباد ائرپورٹ سے بیرون ملک سفر کیا تھا۔

خیال رہے کہ یونان میں پیش آنے والے کشتی حادثے میں 17 افراد کو ریسکیو کر لیا گیا تھا جبکہ سفیان نامی متاثرہ شہری کی کشتی حادثے میں موت واقع ہوئی۔

ایف آئی اے نے بتایا کہ متاثرین سے عبدالرؤف نامی ایجنٹ نے یونان جانے کے لیے بھاری رقوم وصول کیں، مقدمے میں عبدالرؤف، عباس ذوالفقار اور قمر الزمان نامی انسانی اسمگلرز کو نامزد کردیا گیا ہے۔

وفاقی تحقیقاتی ادارے نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے اور بیان میں کہا کہ انسانی اسمگلروں کی گرفتاری کے لیے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے جا رہے ہیں اور ان کی گرفتاری کے لیے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں