صرف 2 فلمیں کر کے دولت میں عامر خان کو بھی پیچھے چھوڑنے والا امیر ترین اداکار

فلمیں نہ کرنے کے باوجود اس کی دولت 2 ہزار کروڑ سے بھی زیادہ ہے


ویب ڈیسک December 20, 2024

کروڑوں کمانے کی خواہش میں ہر اداکار سالوں محنت کرتے ہیں اور کچھ تو 100 سے زائد فلمیں کر کے بھی امیر ترین اداکار نہیں بن پاتے، تاہم کیا آپ جانتے ہیں بالی ووڈ میں ایک اداکار ایسا بھی ہے جس نے صرف 2 فلمیں کیں مگر وہ انڈسٹری کا سب سے امیر ترین اداکار بن گیا ہے۔

یہاں بات ہورہی ہے اداکار گریش کمار کی جو 2013 میں ریلیز ہونے والی فلم رامیا وستاویا میں بطور ہیرو ڈیبیو کر کے کئی ایوارڈز کیلئے نامزد ہوئے تھے۔

38 کروڑ روپے کے بجٹ سے بننے والی یہ فلم باکس آفس پر خاطرخواہ کامیاب نہ ہوسکی، لیکن گریش اپنی پرفارمنس کی بدولت مداحوں کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

2016 میں گریش فلم لو شدہ میں نظر آئے، اور ایک بار پھر لوگوں کی توجہ سمیٹی مگر اداکاری کی دنیا میں کامیاب آغاز کے باوجود وہ فلمی دنیا سے دور ہوگئے اور کاروباری میدان میں اپنی پہچان بنائی۔

یاد رہے کہ گریش مشہور پروڈیوسر کمار ایس تورانی کے بیٹے اور رمیش ایس تورانی کے بھتیجے ہیں، جو ’ٹپس انڈسٹریز‘ کے مالکان ہیں، یہ ایک بڑی بھارتی انٹرٹینمنٹ کمپنی ہے۔

فلمی دنیا کو خیرباد کہنے کے بعد گریش نے خاندانی کاروبار میں شمولیت اختیار کی اور ٹپس انڈسٹریز کو مزید ترقی دینے میں مدد دی۔ آج وہ کمپنی کے چیف آپریٹنگ آفیسر (سی او او) ہیں اور اس کے کلیدی فیصلوں میں ان کا کردار اہم ہے۔

کاروبار میں شمولیت کے بعد گریش کمار نے بےپناہ دولت حاصل کی۔ دسمبر 2024 تک ٹپس انڈسٹریز کی مارکیٹ ویلیو 10,517 کروڑ بھارتی روپے ہے، جبکہ گریش کی ذاتی دولت تقریباً 2,164 کروڑ روپے ہے۔

واضح رہے کہ یہ دولت انہیں کئی معروف اداکاروں جیسے رنبیر کپور (400 کروڑ)، ورون دھون (380 کروڑ)، رنویر سنگھ (245 کروڑ) اور حتیٰ کہ عامر خان (1,900 کروڑ) سے بھی زیادہ مالدار بناتی ہے۔

گریش اپنی پر کشش شخصیت کے باعث آج بھی مداحوں میں مقبول ہیں اور ان کی فلم کا گانا ’جینے لگا ہوں پہلے سے زیادہ‘ سن کر آج بھی مداح انہیں یاد کرتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں