بھارت میں سی این جی ٹینکر کیساتھ گاڑیاں ٹکرانے سے خوفناک آتشزدگی؛ 8 افراد ہلاک؛ 40 زخمی

40 سے زائد زخمیوں میں سے 28 کی حالت نازک ہونے کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے


ویب ڈیسک December 20, 2024

پیٹرول پمپ کے کنارے کھڑے سی این جی ٹینکر سے ایک ٹرک اور دیگر گاڑیاں ٹکرانے سے خوفناک آگ بھڑک اُٹھی جس میں 50 کے قریب افراد بری طرح جھلس گئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ راجستھان کے شہر جے پور میں صبح 5 بجے اجمیر روڈ پر پیش آیا۔ سی این جی ٹینکر سے پہلے ایک ٹرک ٹکرایا جس کے بعد متعدد گاڑیاں ٹکرا گئیں۔

سی این جی لیک ہونے کی وجہ سے آگ کے خوفناک شعلوں نے 300 میٹر کے ایریا میں تیزی سے گاڑیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جس میں 50 کے قریب افراد جھلس گئے۔

خوفناک آتشزدگی میں جھلسنے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں 8 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کردی گئی جب کہ 28 افراد کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ 28 زخمیوں کو انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں رکھا گیا ہے جن کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

عینی شاہدین نے بتایا کہ تصادم کے بعد دھماکے کی آواز 10 کلومیٹر دور تک سنی گئی اور کئی بار ایندھن کے ٹینک پھٹنے سے بار بار دھماکے بھی ہوئے۔ 

فضا میں سیاہ دھوئیں کے بادل چھا گئے۔ فائر بریگیڈ کے عملے کو آگ پر قابو پانے میں 8 گھنٹوں سے زیادہ کا وقت لگا اور اب بھی کولنگ کا عمل جاری ہے۔

خوفناک آتشزدگی میں 10 سے زائد گاڑیاں اور ٹرک جل کر خاکستر ہوگئے۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کے لیے 2 لاکھ روپے جب کہ زخمیوں کو فی کس 50 ہزار روپے معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں