خالد محمود سومرو قتل کیس میں تمام 6 ملزمان کو عمر قید اور بھاری جرمانے کی سزا

عدالتی فیصلے میں قصاص کا پہلو نظر انداز کیا گیا، مولانا فضل الرحمان کا ردعمل


ویب ڈیسک December 20, 2024

کراچی:

انسداد دہشتگردی عدالت نے جے یو آئی رہنما ڈاکٹر خالد محمود سومرو قتل کیس میں تمام 6 ملزمان کو جرم ثابت ہونے پر عمر قید اور بھاری جرمانے کی سزا سنادی۔

سکھر میں انسداد دہشتگردی عدالت کے جج عبد الرحمٰن قاضی نے کیس کے حوالے سے محفوظ مختصر فیصلہ سنادیا، عدالت نے ملزمان کو قتل اور دہتشتگردی کے الزام میں عمر قید، غیرقانونی اسلحہ رکھنے کے الزام میں سات سات سال قید دی ہے۔

گرفتار ملزمان میں حنیف بھٹو، مشتاق مہر، الطاف جمالی، لطف جمالی، سارنگ توتانی، دریا خان جمالی شامل ہیں۔ تمام ملزمان 2014 سے سینٹرل جیل میں قید ہیں۔

دریں اثنا خالد سومرو قتل کیس کے فیصلے پر ردعمل میں جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ عدالتی فیصلے میں قصاص کے پہلو کو بظاہر نظر انداز کیا گیا ہے۔ خاندان اور جماعت کے ذرائع سے مشاورت کی جا رہی ہے۔ قانونی ماہرین کو فیصلے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لینے کا کہا ہے، انصاف کے تمام تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ کیا جائے گا۔

دوسری جانب مولانا خالد محمود سومرو کے بیٹے مولانا راشد محمود سومرو نے کہا ہے کہ جرم ثابت ہونے پر مجرمان کو سزائے موت ہونی چاہئے، فیصلے کیخلاف ہائی کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے، ادھورا انصاف ملا ہے،امن کے ساتھ انصاف حاصل کرنے کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں