یو ایس ایڈ کے تعاون سے پاکستانی جامعات میں تحقیقاتی شعبے کے فروغ کیلیے ورکشاپ

ورکشاپ میں 16 جامعات کے 60 فیکلٹی ممبران اور افسران نے شرکت کی

اسلام آباد:

ہائر ایجوکیشن کمیشن اور یو ایس ایڈ کے تعاون سے پاکستانی جامعات میں تحقیقاتی شعبے کے فروغ کے لیے چار روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔

فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی میں منعقدہ ہائر ایجوکیشن سسٹم اسٹرنتھننگ ایکٹیویٹی کے تحت پاکستان کی سرکاری جامعات کے لیے تربیتی ورکشاپ کا مقصد تحقیق، اختراع اور تجارتی شعبے (ORICs) کی کارکردگی کو بہتر بنانا تھا، ورکشاپ میں 16 جامعات کے 60 فیکلٹی ممبران اور افسران نے شرکت کی۔

اختتامی تقریب کی صدارت ایچ ای سی کے اکیڈمی آف ہائرایجوکیشن کی ایم ڈی نورآمنہ ملک نے کی۔

نور آمنہ ملک نے اکیڈمیا اور تحقیق کے درمیان مضبوط تعلقات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو اکیڈمیا اور صنعت کے درمیان موجود خلا کو پر کرنے کے لیے تحقیق و ترقی کی سہولتوں کو بہتر بنانا ہوگا تاکہ مقامی اور عالمی صنعتوں کو فائدہ پہنچایا جا سکے۔

یو ایس ایڈ پاکستان کی مشن ڈائریکٹر کیٹ سوموونگسری نے ماحولیاتی انتظام کے میدان میں علم کے فروغ پر زور دیتے ہوئے کہا یہ فخر کی بات ہے کہ ہماری 16 جامعات اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ساتھ شراکت داری پاکستان کی مسلسل اقتصادی ترقی کے لیے بنیادیں فراہم کر رہی ہے۔

یونیورسٹی آف یوٹاہ کے پروفیسر ڈاکٹر مائیکل باربر نے کہا پاکستان کا ہائر ایجوکیشن سیکٹر تحقیق اور اختراع کے فروغ میں قائدانہ کردار ادا کر سکتا ہے، مقامی محققین ایپلائیڈ ریسرچ میں معاونت حاصل کریں اور تحقیقاتی فنڈنگ کے حصول کے لیے مقامی و بین الاقوامی ہم منصبوں کے ساتھ تعاون کریں۔

Load Next Story