امریکی ملٹری ایڈوائزر عالمی امن اور دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کے کردار کے معترف

پاکستان نے تنازعات کے حل، تعمیر و ترقی اور عالمی معاہدوں میں اہم کردار ادا کیا ہے، جان روزن برگ


ویب ڈیسک December 20, 2024

معروف امریکی ملٹری ایڈوائزر جان روزن برگ نے اپنے ایک آرٹیکل میں پاکستان کے عالمی سطح پر مثبت کردار کو سراہا ہے۔

شکاگو ٹریبیون میں لکھے گئے اپنے آرٹیکل میں امریکا سے تعلق رکھنے والے معروف ملٹری ایڈوائزر جان روزن برگ نے کہا ہے کہ خطے میں تنازعات کے حل، تعمیر و ترقی اور عالمی معاہدوں میں پاکستان کا ہمیشہ اہم و مثبت کردار رہا ہے۔

آرٹیکل میں کہا گیا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ میں پاکستان کی خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں جب کہ محفوظ عالمی بحری تجارت میں بھی پاکستان کا اہم کردار نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔

امریکی ملٹری ایڈوائزر نے مزید لکھا کہ پاکستان نے دنیا میں امن کے لیے بالعموم اور خطے کے لیے بالخصوص دہشت گردی کی جنگ میں کسی سے بھی دوسرے ملک سے بڑھ کر قربانیاں دی ہیں۔

جان روزن برگ نے اپنے آرٹیکل میں بتایا کہ عالمی امن کی خاطر پاکستان اب تک 153 ارب ڈالر کا معاشی نقصان برداشت کرچکا ہے۔ پاکستان کا یہ کردار دنیا کی نظروں سے اوجھل نہیں ہونا چاہیے۔

شکاگو ٹریبیون میں شائع ہونے والے آرٹیکل میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تین لاکھ سے زائد فوج تعیینات کرنے والا پہلا ملک ہے اور انتہائی مشکل معاشی حالات کے باوجود سالانہ دو ارب ڈالر انسداد دہشت گردی آپریشنز پر خرچ کر رہا ہے۔

امریکا سے تعلق رکھنے والے ملٹری ایڈوائزر نے مزید لکھا کہ یہ انسداد دہشت گردی آپریشن نہ صرف خطے بلکہ دنیا بھر کے امن کے لیے انتہائی اہم ہے جس میں پاکستان کے بہادر سپاہیوں نے 541 دہشت گردوں کو ہلاک کیا ہے۔

علاوہ ازیں اس جنگ میں اب تک پاکستان کی بہادر افواج نے 153 جوانوں اور افسروں کی قربانیاں دی ہیں۔اقوام متحدہ کے امن مشن میں بھی پاکستان کا کردار دیگر ممالک سے کہیں بڑھ کر ہے۔

آرٹیکل میں پاکستان کے سیاسی حالات کا بھی احاطہ کرتے ہوئے کہا گیا کہ پاکستان ایک پھلتی پھولتی جمہوریت ہے جہاں باقاعدگی سے انتخابات کا انعقاد ہوتا ہے۔

جان روزن برگ نے اعتراف کیا کہ پاکستانی قوم کو ہمیشہ غلط سمجھا گیا جب کہ حقیقت میں یہ قوم استقامت اور جمہوری ترقی کی عکاس ہے۔ پاکستان کو منفی نظر سے دیکھنا اس کی عالمی امن کے لیے خدمات کو فراموش کرنے کے مترادف ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں