پی پی پی کا صوبوں کے ساتھ وفاقی حکومت کی یقین دہانیوں پر عدم اعتماد

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو حکومت کی جانب سے آئندہ ہونے والی قانون سازی سے متعلق بھی بریفنگ دی


ویب ڈیسک December 20, 2024
بلاول بھٹو زرداری کی زیرصدارت پی پی پی کا اجلاس ہوا—فوٹو: فائل

پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) سے تعلق رکھنے والے صوبائی گورنرز اور وزرائے اعلیٰ نے صوبوں کے ساتھ کی جانے والی وفاقی حکومت کی یقین دہانیوں پر عدم اعتماد کا اظہار کردیا۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں بلاول ہاؤس کراچی میں اجلاس ہوا، جس میں پنجاب کے گورنر سردار سلیم حیدر، خیبرپختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی، سندھ کے وزیراعلی سید مراد علی شاہ، بلوچستان کے وزیراعلی میرسرفراز بگٹی اور پی پی پی کے سینئر رہنما اور رکن قومی اسمبلی سید نوید قمر نے شرکت کی۔

اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال پر تفصیلی طور پر تبادلہ خیال کیا اور شرکا نے وفاقی حکومت کے ساتھ ہونے والے مذاکرات کی روشنی میں اب تک کی پیش رفت سے پارٹی چیئرمین کو آگاہ کیا۔

اجلاس کے شرکا نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو حکومت کی جانب سے آئندہ ہونے والی قانون سازی سے متعلق بھی بریفنگ دی۔

پی پی پی رہنماؤں نے وفاقی حکومت کی جانب سے مختلف صوبوں کے ساتھ کی جانے والی یقین دہانیوں پر ہونے والی پیش رفت پر عدم اعتماد کا اظہار کیا۔

چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے اجلاس کے شرکا کو ہدایت کی کہ وہ حکومت کے ساتھ اپنے رابطوں کو مزید تیز کریں تاکہ جب پاکستان پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس ہو تو اس میں ان رابطوں پر مثبت نتیجہ سامنے رکھا جاسکے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں