ایکسپریس میڈیا گروپ اور ون لنک کا فنانشل ایجوکیشن پوڈکاسٹ سیریز کا اعلان

12 منفرد پوڈکاسٹس میں سائبر سیکیورٹی، بینکنگ فراڈ اور ڈیجیٹل ٹرانزیکشنز کے فوائد اور چیلنجز پر روشنی ڈالی جائے گی


اسٹاف رپورٹر December 20, 2024
فوٹو: ایکسپریس نیوز

کراچی:

ایکسپریس میڈیا گروپ اور ون لنک پرائیویٹ لمیٹڈ نے فنانشل ایجوکیشن پوڈکاسٹ سیریز کے آغاز کا اعلان کر دیا، جس کے تحت 12 منفرد پوڈکاسٹس میں سائبر سیکیورٹی، بینکنگ فراڈ اور ڈیجیٹل ٹرانزیکشنز کے فوائد اور چیلنجز پر روشنی ڈالی جائے گی، نئے سال میں ون لنک خواتین کے لیے بچت اور انشورنس سمیت دیگر فوائد پر مشتمل منفرد پیمنٹ اسکیم متعارف کرے گا۔

تفصیلات کے مطابق فنانشل ایجوکیشن پوڈکاسٹ سیریز کے آغاز کی تقریب کراچی کلفٹن میں ون لنک کے دفتر میں ہوئی جس میں ایکسپریس میڈیا گروپ اور ون لنک پرائیویٹ لمیٹڈ نے مشترکہ طور پر فنانشل ایجوکیشن پوڈکاسٹ سیریزشروع کرنے کا اعلان کیا۔

تقریب میں ون لنک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) نجب آگرہ والا، چیف کمرشل آفیسر ملیحہ انور خان، ہیڈ آف انوویشن شائستہ عبد اللہ، مارکوم اور کارپوریٹ افیئرز کے کمپنی سیکریٹری سید سلیمان حسن، اسسٹنٹ جنرل مینجر مارکوم اور سی اے سیما کاسوانی، ایسنس میڈیا کوم جنرل مینجر اُویس الیاس، ڈائریکٹر انویسٹمنٹس ذاکر بلال، ایسوسی ایٹ ڈائریکٹر سلوٰی بھٹی، ایکسپریس میڈیا گروپ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر مارکیٹنگ اینڈ سیلز اظفر محمود نظامی، ایکسپریس پبلی کیشنز کے ایسوسی ایٹ ڈائریکٹر مارکیٹنگ کامران احمد، ایکسپریس نیوز کے جنرل مینجر سیلز اینڈ مارکیٹنگ سعد بن رشید اور ایکسپریس پبلی کیشنز کے جنرل مینیجر مارکیٹنگ رومینہ علی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

ون لنک پرائیویٹ لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نجیب آگرہ والا نے کہا کہ آج کا دن نہایت اہم اور خوش آئند ہے، کیونکہ ہم شراکت داری کے ذریعے ایک ایسا منفرد اقدام کر رہے ہیں جو عوام کے لیے نہایت دلچسپ اور معلوماتی ثابت ہوگا، ہماری کوشش ہے کہ ون لنک اور ہمارا پے پاک کارڈ، ایکسپریس میڈیا گروپ اور گروپ ایم پوڈکاسٹ کے ذریعے ایسے موضوعات پیش کرے جو عوامی آگاہی کے لیے مفید ہوں، ان موضوعات میں سائبر سیکیورٹی، بینکنگ فراڈ، ٹیکنالوجی میں کارڈ کے استعمال اور فوائد، ٹیکس کے فوائد سمیت دیگر اہم موضوعات شامل ہیں۔

ون لنک میں مارکوم کی اسسٹنٹ جنرل مینیجر سیما کاسوانی نے کہا کہ اس شراکت داری کا مقصد عوام کو ڈیجیٹل ٹرانزیکشنز کے فوائد اور چیلنجز سے آگاہ کرنا ہے اس پوڈکاسٹ سیریز کے ذریعے ہم کوشش کریں گے کہ بڑے بینک، کارڈ جاری کرنے والے ادارے، پارٹنرز، اکوائرز اور ریگولیٹرز کو اس کا حصہ بنائیں تاکہ وہ عوام کو مفید معلومات فراہم کرنے میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔

ون لنک کی چیف کمرشل آفیسر ملیحہ انور خان نے کہا کہ ون لنک کا ہر اقدام پاکستان اور ملکی معیشت کی بہتری کے لیے وقف ہے اور یہی ہمارا نظریہ اور مقصد ہے، پے پاک پاکستان کی ڈومیسٹک پیمنٹ اسکیم ہے، جو اس وقت لانچ کی گئی جب پاکستان 28واں ملک تھا جس نے اپنی قومی اسکیم متعارف کروائی آج 90 سے زائد ممالک اپنی ڈومیسٹک اسکیم رکھتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پے پاک کے ذریعے ایک نیا اور دلچسپ مرحلہ شروع ہونے والا ہے، کیونکہ ہم خواتین کے لیے ایک منفرد پروڈکٹ لانچ کرنے جا رہے ہیں، یہ پیمنٹ اسکیم خواتین کی مخصوص ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کی گئی ہے، جس میں بچت، ڈیجیٹل اخراجات، انشورنس اور دیگر فوائد شامل ہوں گے، ہمیں یقین ہے کہ یہ اسکیم خواتین میں بے حد مقبول ہوگی اور ان کی مالی ضروریات کو پورا کرنے میں مددگار ثابت ہوگی، نئے سال کے آغاز کے ساتھ یہ اسکیم متعارف کرائی جائے گی، جو پاکستان کی خواتین کے لیے ایک انقلابی قدم ہوگا۔

ایسنس میڈیا کوم کے جنرل مینیجر اُویس الیاس نے کہا کہ پے پاک نے ایک شاندار اقدام اٹھایا ہے، جس کے تحت ہم نے ایک فنانشل پوڈکاسٹ سیریز بنانے کا فیصلہ کیا ہے، عموماً دیگر موضوعات پر پوڈکاسٹس دیکھنے کو ملتے ہیں لیکن یہ اپنی نوعیت کا ایک منفرد پوڈکاسٹ ہوگا اس کے ذریعے افراد کو بینکنگ اور مالی معاملات سے متعلق معلومات میں اضافہ کرنے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس سیریز میں ایسے مہمانوں کو مدعو کیا جائے گا جو اہم فیصلے کرنے والے (ڈیسیژن میکرز) ہوں گے تاکہ سننے والوں کو قابل قدر معلومات فراہم کی جا سکیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر مارکیٹنگ اینڈ سیلز اظفر محمود نظامی نے امید ظاہر کی کہ ون لنک پرائیویٹ لمیٹڈ اور ایکسپریس میڈیا گروپ کے اشتراک سے تیار کردہ اس سیریز میں 12 پوڈکاسٹس شامل ہیں جو ایکسپریس نیوز پر نشر ہوں گے، یہ پوڈکاسٹس فنانشل لینڈ اسکیپ سے متعلق عوامی آگاہی میں مثبت کردار ادا کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں