راولپنڈی:
وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل لاہور نے یونان کشتی حادثے سے جڑے انسانی اسمگلروں کے خلاف کارروائیوں کے دوران ریڈ بک میں شامل انتہائی مطلوب اور دیگر دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ایف آئی اے کے مطابق فیصل آباد ایئرپورٹ پر تعینات ایف آئی اے امیگریشن کے دو افسران کی گرفتاری کے بعد تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا گیا ہے۔ گجرانوالہ اور فیصل آباد میں درج مقدمات میں نامزد انسانی اسمگلروں کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے جاری ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے انسانی اسمگلنگ اور ملوث عناصر کے خلاف سخت حکمت عملی اختیار کرنے کی ہدایات کے تناظر میں ایف آئی اے نے یونان کشتی حادثے سمیت انسانی اسمگلنگ کے مقدمات میں ملوث ملزمان کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کردیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کی انسانی اسمگلروں کی سہولت کاری میں ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت
ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل لاہور نے یونان کشتی حادثے میں ملوث دو اسمگلر گرفتار کرلیے، گرفتار اسمگلرز نے چار افراد کو غیر قانونی طریقے سے اٹلی بھجوانے کے لیے 88 لاکھ روپے لیے۔
اس حوالے سے بتایا گیا کہ ملزمان کی جانب سے باہر بھیجے گئے دوافراد حماد اور خاور کشتی حادثے میں جاں بحق ہوگئے تھے۔
بیان میں کہا گیا کہ اے ایچ ٹی سی لاہور کی ٹیم نے اسمگلر نواز سانسی کو فاروق آباد سے گرفتار کیا، اسی طرح اشتہاری اسمگلر نوید شاہ کو ننکانہ صاحب سے پکڑ ا گیا۔
ایف آئی اے گجرانوالہ زون نے انسانی اسمگلنگ میں ملوث ریڈ بک کا انتہائی مطلوب اشتہاری ملزم محمد سلیمان کو گرفتار کرلیا ہے، گرفتار ملزم انسانی اسمگلنگ کے 7 سے زائد مقدمات میں نامزد تھا جس کے خلاف کمپوزٹ سرکل گجرات نے 2023 میں مقدمات درج کیے تھے۔
ایف آئی اے نے بتایا کہ ملزم نے متاثرین کو یورپ بھجوانے کے نام پر کروڑوں روپے ہتھیائے اور گینگ کے دیگر ملزمان کی مدد سے متاثرین کو پہلے لیبیا براستہ مصر اور دبئی بھجوایا۔
دوسری جانب یونان کشتی حادثے کے بعد پاکستان میں جاری تحقیقات میں تیزی لائی گئی ہے۔
خیال رہے کہ ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل فیصل آباد نے یونان کشتی حادثے میں ملوث 3 انسانی اسمگلروں کے خلاف مقدمہ درج کرکے فرائض میں مبینہ غفلت برتنے پر ایف آئی اے کے 2 افسران انسپکٹر زبیر اشرف اور سب انسپکٹرشاہد عمران کو گرفتار کر رکھا ہے۔
گرفتار دونوں ملزمان فیصل آباد ائرپورٹ پر بطور شفٹ انچارج تعینات تھے اور ملزمان نے دوران ڈیوٹی مسافروں کی اسکریننگ کے عمل میں غفلت اور لاپروائی کا مظاہرہ کیا۔
حکام کے مطابق یونان کشتی حادثے میں 18 متاثرین نے فیصل آباد ائرپورٹ سے بیرون ملک سفر کیا تھا۔
یاد رہے کہ 13 اور 14 دسمبر کو یونان جاتے ہوئے تارکین وطن کی کشتی حادثے کا شکار ہوئی تھی، جس پر سوار 84 افراد میں اکثریت پاکستانیوں کی تھی۔
یونان کے ریسکیو اہلکاروں نے 47 افراد کو زندہ نکال لیا تھا جبکہ 5 پاکستانیوں کی لاشیں نکالی تھیں اوررپورٹس کے مطابق 30 سے زائد تاحال لاپتا ہیں۔