انجری مسائل سے دوچار جنوبی افریقا کو ایک اور دھچکا لگ گیا۔ فاسٹ بولر اوٹنیل بارٹمین انجری کے سبب پاکستان کے خلاف تیسرے ایک روزہ میچ سے باہر ہوگئے۔
اوٹنیل بارٹمین، کیشو مہاراج کے بعد پاکستان کے خلاف جاری ون ڈے سیریز سے انجری کے سبب باہر ہونے والے دوسرے اور جنوبی افریقی سیزن میں انجرڈ ہونے والے چھٹے بولر ہیں۔ ان سے قبل جیرالڈ کوٹزے، وائین مُولڈر، لُنگی اینگیڈی، لیزاڈ ویلیم اور اینرک نوکیے انجری کے سبب ٹیم سے باہر ہو چکے ہیں۔
ٹیسٹ اسکواڈ میں پہلی بار شامل ہونے والے کوربن بوش ون ڈے اسکواڈ میں بارٹمین کی جگہ لیں گے۔
بارٹمین کو کیپ ٹاؤن میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے سے قبل رن اپ میں تکلیف کا سامنا تھا۔ اس سبب وہ پلیئنگ الیون کا حصہ نہیں بن سکے تھے۔ پہلے میچ میں انہوں نے 7 اوورز میں 37 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کی تھیں۔