FORT ABBAS:
خاتون نے اپنے بیٹوں کے ساتھ مل کر شوہر کو قتل کر دیا، مقتول کی لاش ڈیڑھ ماہ بعد گھر کے صحن سے برآمد ہونے پر خاتون اور بیٹے گرفتار، مقدمہ درج کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق مقتول محمد اقبال کی والدہ نے پولیس میں رپورٹ درج کروائی تھی کہ اس کا اپنے بیٹے سے ڈیڑھ ماہ سے کوئی رابطہ نہیں ہے اور اس کی بہو اور پوتے بھی اقبال کے بارے میں استفسار کرنے پر مختلف باتیں کررہے ہیں۔
پولیس نے بوڑھی عورت کی درخواست پر کارروائی کرتے ہوئے لاپتہ اقبال کی بیوی اور بیٹوں سے تفتیش کی تو انہوں نے اسے ( محمد اقبال ) کو قتل کرنے کا اقرار کرلیا۔
خاتون اور اس کے بیٹوں نے بتایا کہ ان تینوں نے مل کر منصوبہ بندی کے ساتھ یہ جرم کیا تھا اوربیٹوں نے اپنے باپ کو قتل کرنے کے بعد اس کی لاش گھر کے صحن میں دفنادی تھی، جسے پولیس نے برآمد کرلیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی سرکل اور ایس ایچ او فورٹ عباس بھی موقع پر پہنچ گئے۔
پولیس نے شوہر کے قتل کے جرم میں بیوی اور دونوں بیٹوں کو گرفتار کرکے مقتول کی ماں کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا ہے اور مزید تفتیش کی جارہی ہے۔