ایشین انڈر 14: پاکستان کے ٹینس کھلاڑی حسن عثمانی نے سنگلز اور ڈبلز ٹائٹل جیت لیا

تاریخی کارنامہ انجام دینے والے حسن عثمانی نے رافیل ناڈل کے ہاتھوں ٹرافیز وصول کیں


ویب ڈیسک December 21, 2024

پاکستان  کے نوجوان ٹینس کھلاڑی حسن عثمانی نے سعودی عرب میں پاکستانی پرچم بلند کردیا۔ایشین انڈر فورٹین کے سنگلز اور ڈبلز ٹائٹل جیتنے کا تاریخی کارنامہ انجام دینے والے حسن عثمانی نے رافیل ناڈل کے ہاتھوں ٹرافیز وصول کیں۔

جدہ میں کھیلے گئے آئی ٹی ایف چیمپئن شپ میں حسن عثمانی نے وائلڈ کارڈ  پر شرکت کی اور شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے فائنل میں ترکمانستان کے سلیمان ہودیباردیو ہرا کر چیمپئن بننے کا اعزاز پایا۔

پاکستانی کھلاڑی کی جیت کا اسکور 3-6 اور 1-6  رہا۔ سنگلز کے بعد ڈبلز مقابلوں کے فائنل بھی  ترکمانستان کے کھلاڑی کے  ساتھ مل کر حریف سعودی عرب  کھلاڑیوں کی جوڑی کے خلاف سات پانچ،چار چھ اور دس آٹھ کے سکور سے  فتح حاصل کی۔

حسن عثمانی نے گزشتہ ماہ ترکمانستان میں ہونے والا اشک آباد اوپن جیت کر ملک کا نام روشن کیا تھا۔

جدہ میں  سابق نمبر ون رافیل ناڈل نے حسن عثمانی کو شاباش دیتے ہوئے ٹرافیاں دیں۔ حسن عثمانی نے جیت پر خوشی کے ساتھ دنیائے ٹینس کے معتبر کھلاڑی رافیل نڈال سے ٹرافیز پانے کو یادگار لمحات قرار دیا۔

 حسن عثمانی کا کہنا تھا  کہ اپنے فیورٹ کھلاڑی سے ملاقات اور ان سے ٹرافیز وصول کرنے کو جذبات میں بیان نہیں کرسکتا۔ ایک خواب تھا جو پورا ہوا۔

دوسری جانب پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر اعصام الحق نے حسن عثمانی کی کارکردگی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے انٹرنیشنل ٹینس سرکٹ میں ایک یادگار پرفارمنس ٹھہرایا ہے۔

اعصام نے امید ظاہر کی ہے کہ حسن پاکستان ٹینس کا مزید نام بلند کرے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں