فلم ساتھیا میں کپڑے تبدیل کرنے ریسٹورنٹ کے واش روم جاتا تھا، وویک
فلم ساتھیا سے مشہور ہونے والے بالی ووڈ اداکار ویویک اوبرائے نے انکشاف کیا ہے کہ وہ فلم کے دوران کپڑے تبدیل کرنے کیلئے ہوٹل یا ریسٹورنٹ کے واش روم جایا کرتے تھے جبکہ صرف رانی مکھرجی کے پاس میک اپ وین تھی۔
ویویک اوبرائے نے حال ہی میں اپنے 22 سالہ فلمی کیریئر کے دوران پیش آنے والے اہم واقعات شیئر کیے۔ 48 سالہ اداکار نے 2002 کی مشہور فلم ’ساتھیا‘ کے بارے میں بات کرتے ہوئے بتایا کہ ابتدا میں انہوں نے اس میں کام کرنے سے انکار کردیا تھا، لیکن ہدایتکار شاد علی کے اصرار پر وہ راضی ہوگئے کیونکہ وہ ان کے بہترین دوست ہیں۔
ویویک نے کہا کہ یہ ایک کم بجٹ کی فلم تھی، جہاں صرف رانی مکھرجی میک اپ وین استعمال کرتی تھیں، اور انھیں اپنے کپڑے ہوٹل یا ریسٹورنٹ کے واش روم میں تبدیل کرنے پڑتے تھے۔ وہ 22-23 گھنٹے مسلسل کام کرتے اور کبھی بینچز پر اخبار بچھا کر مختصر نیند لیتے تاکہ تازہ دم رہ سکیں۔
وویک نے بتایا کہ ساتھیا کی شوٹنگ کے دوران ایک دلچسپ واقعہ بھی پیش آیا جو وہ کبھی نہیں بھول سکتے، ویویک نے بتایا کہ ان کی فلم کمپنی دیکھنے والے مداح شوٹنگ کے مقام پر پہنچ گئے اور انہیں فلم کے کردار ’چندو بھائی‘ کے نام سے پکارنے لگے۔ یہ ابتدا میں چند افراد تھے، لیکن بعد میں مجمع بڑھ گیا۔ صورتحال دیکھ کر ہدایتکار نے انہیں رانی کی میک اپ وین میں بند کردیا۔
تاہم ہجوم نے پولیس کو بلا لیا، اور جب پولیس آئی تو ہدایتکار نے وین کا دروازہ کھول دیا اور کہا، ’تم اب اسٹار بن چکے ہو‘۔
پولیس نے انہیں مجرموں کی طرح پکڑا، لیکن بعد میں شوٹنگ پولیس کی حفاظت میں مکمل کی گئی۔ ویویک اوبرائے نے کہا کہ یہ واقعہ ان کے لیے ناقابل فراموش ہے اور انہیں اپنے کیریئر کی ایک اہم یادگار کے طور پر یاد رہتا ہے۔