پشاور:
خیبرپختونخوا حکومت کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ ضلع کرم کو اسلحے سے پاک اور بنکرز کو مسمار کیے جانے کے بعد خطے میں میں پائیدار امن کو یقینی بنایا جائے گا۔
اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز ہونے والے اپیکس کمیٹی کے اجلاس کے فیصلے کی روشنی میں کرم کو اسلحے سے پاک کیا جائے گا، بنکرز کی مسماری بھی یقینی بنائی جائے گی تاکہ خطے میں پائیدار امن ہو۔
بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ راستوں کی بندش کی وجہ سے عوامی مسائل کا حکومت کو بخوبی ادراک ہے، امن معاہدہ کے بعد معمولات زندگی بحال ہو جائیں گے، بنکرز کی مکمل مسماری اور اسلحہ جمع کرانے کے بعد راستوں کو مکمل طور پر کھول دیا جائےگا۔
صوبائی مشیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت کرم میں پائیدار اور دیرپا امن چاہتی ہے، کچھ عناصر کرم میں دیرپا امن کے دشمن ہیں اور سوشل میڈیا پر بے بنیاد پروپیگنڈے کررہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام سے درخواست ہے کہ سوشل میڈیا کے پروپیگنڈوں پر کان نہ دھریں، کچھ عناصر صوبائی حکومت کی مخلصانہ کوششوں کو غلط رنگ دے رہے ہیں۔